بین ریاستی خبریں

ایم پی : شام 6 بجے سے تمام شہروں میں 60 گھنٹے کا کرونا لاک ڈاؤن لاگو

بھوپال :(اردودنیا.اِن)آج شام 6 بجے سے مدھیہ پردیش کے تمام شہروں میںلاک ڈاؤن شروع ہوگیا ہے۔ یہ لاک ڈاؤن پیر کی صبح 6 بجے تک 60 گھنٹے رہے گا۔ جب کہ ضلع رتلام میں نو دن کا لاک ڈاؤن ہوگا۔ کھرگون ، کٹنی اور بیتول میں سات دن تک سب کچھ بند رہے گا۔ بھوپال میں کولار کو بھی آج شام سے نو دن کے لئے لاک ڈاؤن نافذ کیا جارہا ہے ۔

یہاں بھوپال ایمس میں 100 سے زائد عملے کے کرونا متأثرہ ہونے کا مسیج وائرل ہورہا ہے ، جسے ایمس کے پی آر او نے مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک غلط اور جعلی پیغام ہے۔ واضح ہو کہ مدھیہ پردیش میںکورونا کی دوسری لہر مبینہ طور پر ’قابو‘ سے باہر ہو رہی ہے۔ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 4882 نئے کیسز پائے گئے ہیں۔ خدشہ ہے کہ یہ تعداد 10 اپریل تک 5 ہزار سے تجاوز کر لے گی،جب کہ ریاست میں اموات کی تعداد اب 4136 ہوگئی ہے۔

8 اپریل کو ریکارڈ شدہ 23 اموات بھی اس تعداد میں شامل ہیں۔ وہیں ریاست میں ایکٹیو مریض کی تعداد 30486 ہوگئی ہے۔ اس سے قبل چھندواڑہ میں جمعرات کی رات آٹھ بجے سے لگاتار سات دن تک کیلئے لاک ڈاؤن شروع ہوا تھا، اندور میں 24 گھنٹوں کے اندر سب سے زیادہ 887 کیسزرپورٹ ہوئے ہیں۔ بھوپال میں 686 ، جبل پور میں 326 اور گوالیار میں 298 متاثرین پائے گئے ہیں۔ بھوپال میں کورونا سے 8 ماہ کی بچی کی موت کا پہلا کیس بھی منظرعام پر آیا ہے۔

ریاست میں کورونا’بلاسٹ‘کے درمیان سی ایم شیوراج سنگھ چوہان نے جمعہ کی شام 5 بجے کابینہ کا اجلاس طلب کیا ہے۔ وزیر اعلی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے وزراسے کرونا کی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔ وزیر اعلیٰ نے جمعرات کے روز کہا تھا کہ ریاست میں کورونا مریضوں کے بیڈ کی تعداد 1 لاکھ کی جارہی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ کورونا ٹیسٹنگ میں توسیع کی جائے اور 24 گھنٹوں میں رپورٹ بھی دیئے جائیں ۔لاک ڈاؤن دومووہ میں نہیں لگایا جارہاہے ،کیوں کہ وہاں اسمبلی ضمنی انتخاب کے لئے ووٹنگ 17 اپریل کو ہوگی۔ضابطہ اخلاق کے نفاذ کی وجہ سے فیصلہ الیکشن آفیسر کو لینا پڑے گا۔ ضمنی انتخابات کی وجہ سے یہاں سیاسی لیڈران کی ریلیاں ہورہی ہیں، جبکہ ضلع میں اوسطاً 28 کورونا کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔ یہاں اب تک 94 مریضوں کی موت ہوچکی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button