گرمی کے موسم میں جسم کو اندرونی طور پر ٹھنڈا رکھنے کے لیے ماہرین ٹھنڈی غذاؤں اور مشروبات کا مشورہ دیتے ہیں۔ سونف وہ جادوئی شے ہے جو اپنے اندر قدرت کے بےشمار فوائد سموئے ہوئے ہے۔ سائنسدانوں کے مطابق، گرمی کے دوران ایسی اشیاء کا استعمال ضروری ہے جو جسم کی اندرونی گرمی کو کم کر سکیں۔
سانس کی بیماریوں کا علاج
سونف کے بیجوں میں موجود فوٹونیوٹریئنٹس سانس کی بیماریوں جیسے برونکائٹس، کھانسی، اور ناک کی نکسیر کے علاج میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ، سونف کے بیجوں کا بھاپ سانس لینے میں آسانی پیدا کرتا ہے اور دمہ کی علامات کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
بلڈ پریشر کو کنٹرول کرتا ہے
"فوڈ سائنس جرنل” میں شائع شدہ تحقیق کے مطابق، سونف کے بیج چبانے سے تھوک میں نائٹریٹ کی مقدار بڑھ جاتی ہے جو قدرتی طور پر بلڈ پریشر کو مستحکم رکھنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ اس میں موجود پوٹاشیم خون کی وریدوں کو پُرسکون کرتا، دل کی دھڑکن کو متوازن کرتا اور بلڈ پریشر کو مستحکم رکھتا ہے۔
سونف ٹھنڈی ہے یا گرم؟
آیوروید کے مطابق، سونف کے بیج جسم پر ٹھنڈک کا اثر ڈالتے ہیں، اسی لیے گرمیوں میں سونف کا پانی پینا بہترین انتخاب ہے۔ سونف کا تیل جسم کے مساج کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے کیونکہ یہ اعصاب کو سکون پہنچاتا، مزاج بہتر بناتا اور دماغی صحت کو فروغ دیتا ہے۔
سونف کو غذا میں شامل کرنے کے طریقے
سونف کا پانی
سونف کا پانی معدے کی گیس کے مسائل حل کرنے کے ساتھ ہاضمہ بھی بہتر کرتا ہے۔ دن کا آغاز سونف کے پانی سے کرنے سے مجموعی صحت میں بہتری آتی ہے۔
سونف کا شربت
سونف کا شربت انسانی جسم میں ہارمونز کے توازن کو برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے اور اس میں سیلینیم اور زنک جیسے اہم معدنیات پائے جاتے ہیں۔ اس کی اینٹی اسپاسموڈک خصوصیات ماہواری کے درد کو کم کرنے میں بھی معاون ہیں۔ یہ مشروب جسم میں پانی کی سطح کو برقرار رکھنے کے لیے بہترین ہے۔
کھانوں اور کھانے کے بعد سونف کا استعمال
سونف کا پاؤڈر مختلف کھانوں اور مشروبات میں شامل کر کے ان کا ذائقہ بڑھایا جا سکتا ہے۔ کھانے کے بعد سونف چبانے سے تازگی محسوس ہوتی ہے اور منہ کی بدبو بھی دور ہوتی ہے۔
سونف کی چائے
سونف کی چائے ناصرف جسم کو ٹھنڈک پہنچاتی ہے بلکہ ہاضمہ بھی بہتر بناتی ہے۔ اس کا ذائقہ منفرد اور خوشگوار ہوتا ہے اور ایک بار پینے کے بعد بار بار پینے کو دل چاہتا ہے۔
سونف گرمیوں میں جسم کو اندرونی سکون پہنچانے اور صحت کو بہتر بنانے کا ایک قدرتی ذریعہ ہے۔ اسے مختلف طریقوں سے اپنی روزمرہ کی خوراک میں شامل کر کے آپ گرمی کے مضر اثرات سے بچ سکتے ہیں اور جسم کو تروتازہ رکھ سکتے ہیں۔



