بین الاقوامی خبریں

ایپل کو چِپ بحران کے باعث میک بُک اور آئی پیڈ کی پیداوار میں تاخیر

میک بُک اور آئی پیڈ کی پیداوار کسی قدر ملتوی

بیجنگ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) عالمی سطح پر چِپ بحران کے پیش نظر موبائل فون کمپنی ایپل نے میک بُک اور آئی پیڈ کی پیداوار کسی قدر ملتوی کر دی ہے۔

جاپانی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق چِپ بحران کی وجہ سے ایپل کو میک بُک کی پیداوار میں تاخیر کا سامنا ہے، جبکہ ڈسپلے کمپونینٹس کی قلت کے باعث کچھ آئی پیڈ اسمبلنگ پلانٹس پر پیداواری عمل معطل کرنا پڑا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس تاخیر کی وجہ سے ایپل نے ان ڈیوائسز کے لیے آلات کے آرڈرز واپس لے لیے ہیں، جس کے نتیجے میں سال کی پہلی اور دوسری ششماہی میں میک بُک اور آئی پیڈز کی قیمتیں عالمی سطح پر بڑھ سکتی ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز نے ایپل سے اس معاملے پر وضاحت طلب کی، تاہم کمپنی نے کوئی جواب نہیں دیا۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ آئی فون کی پیداوار چِپ سپلائی بحران سے متاثر نہیں ہوئی، تاہم دیگر ڈیوائسز کے لیے کچھ اہم اجزاء کی فراہمی ‘شدید قلیل’ ہے، جس کی وجہ سے کمپنی مشکلات کا شکار ہے۔

ایپل کے بڑے سپلائر فوکس کان (Foxconn) نے اپنے کلائنٹس کو خبردار کیا ہے کہ چِپ بحران کی وجہ سے سپلائی چین متاثر رہے گی۔ دنیا بھر کے صارفین اور کاروباروں کو سیمی کنڈکٹر مائیکروچپس کی کمی کے باعث غیرمعمولی چیلنجز کا سامنا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button