
ممبئی :(اردودنیا.اِن)مہاراشٹر میں سی ایم ادھو ٹھاکرے نے منی لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا ہے۔ آج رات سے یک مئی تک پوری ریاست میں دفعہ 144 نافذ ہوگی۔ ریاستی حکومت نے اس کو لاک ڈاؤن کے بجائے بریک دی چین‘ مہم کا نام دیا ہے۔ یہ پابندیاں رات 8 بجے سے لاگو ہوں گی،
اور یکم مئی کی صبح تک نافذ العمل رہیں گی۔ اس مدت کے دوران تمام غیر ضروری سرگرمیوں پر پابندی ہوگی۔اعلان کے مطابق سی ایم ادھو ٹھاکرے نے پوری ریاست میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کہیں بھی لوگوں کو آنے جانے پر پابندی ہوگی۔ یعنی عوامی مقامات پر 5 سے زیادہ افراد ایک ساتھ نہیں کھڑے ہوسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ 5 سے زیادہ افراد ایک ساتھ سفربھی نہیں کرسکتے ۔
اس کے علاوہ کوئی بھی شخص بغیر کسی ضروری کام کے عوامی مقام پر نہیں جاسکتا۔ تاہم تمام ضروری خدمات جیسے میڈیکل اسٹورز ، اسپتالوں ، دوائیوں کی فراہمی وغیرہ اس سے مستثنیٰ ہیں ۔اسپتالوں اور میڈیکل اسٹورز کے علاوہ بہت سی دوسری چیزوں کو بھی ضروری سرگرمیوں کے دائرے میں رکھا گیا ہے۔ ان میں ویکسی نیشن ، آکسیجن ، ہوم ڈیلیوری ، ای کامرس ، تمام بینکاری ،آر بی آئی اور متعلقہ دفاتر ، انشورنس آفس اور مون سون سے قبل کا کام جاری رہے گا۔
اس کے علاوہ تعمیراتی جگہ پر بھی کام جاری رہے گا ، جہاں مزدوروں کے رہنے کا انتظام بھی ہے۔ اس کے علاوہ صنعتی سرگرمیاں بھی جاری رہیں گی ۔ پٹرول پمپ ، پٹرولیم سے متعلق مصنوعات ، کارگو سروس ،آئی ٹی سروس ، سرکاری اور نجی سیکورٹی خدمات ، سبزیوں اور پھلوں کی دکانیں بھی اس سے مستثنیٰ ہیں ۔ریاست بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کی خدمت جاری رہے گی۔
تاہم یہ سہولت صرف ان لوگوں کے لئے دستیاب ہوگی، جو ضروری خدمات میں مصروف ہیں۔ریاست میں ریستوران چلانے کا حکم دیا گیا ہے، تاہم یہاں بیٹھ کر کھانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے تمام ضروری دفاتر کے علاوہ تمام نجی دفاتر کو بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔ ان دفاتر کے ملازمین کے لئے ورک فرام ہوم کی منظوری دی گئی ہے۔



