معروف عالم دین مفتی اعجاز ارشد قاسمی کا انتقال
ملی و علمی خدمات انجام دینے والے فعال اسکالر، مختصر علالت کے بعد خالقِ حقیقی سے جا ملے
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن)معروف اور متحرک عالم دین مفتی اعجاز ارشد قاسمی انتقال کرگئے۔ پندرہ دن قبل ان کو پتھری کی شکایت تھی جو دوا کے استعمال سے نکل گئی، تاہم اس کے بعد بخار لاحق ہوا اور قریبی ذرائع کے مطابق وہ کووِڈ پوزیٹیو ہوگئے۔ طبیعت بگڑنے پر آج انہیں فریدآباد کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں دن ڈھائی بجے ان کے انتقال کی افسوسناک اطلاع ملی۔ اس سے قبل وہ بالکل صحت مند تھے۔
دہلی میں وہ امیر شریعت مولانا محمد ولی رحمانی علیہ الرحمۃ کے حوالے سے ایک بڑے پروگرام کی تیاری کر رہے تھے جو عید کے بعد منعقد ہونا تھا۔ مفتی اعجاز قاسمی مسلم مسائل کے لیے ہمیشہ متحرک رہتے اور ہر حلقے میں معروف و مقبول شخصیت تھے۔
وہ دہلی میں منعقدہ "جرگہ برائے مضبوط انڈیا” کے پروگرام میں ایڈووکیٹ محمود پراچہ کے ساتھ سرگرم کردار ادا کر رہے تھے۔ دیگر ملی مسائل میں بھی اکابرین ان پر بھروسہ کرتے اور جو بھی ذمہ داری دی جاتی، اسے احسن طریقے سے انجام دیتے۔
انہوں نے دارالعلوم دیوبند سے فضیلت و افتاء کی تکمیل کے بعد جواہر لال نہرو یونیورسٹی (JNU) سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ ان کے انتقال پر ہر طبقہ کی طرف سے غم و افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے، خاص طور پر نوجوان طبقہ ان کی وفات پر غمزدہ ہے۔



