
اٹلی میرین معاملہ: سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کی درخواست پر سماعت ایک ہفتہ کے لئے ملتوی کردی
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن)کیرالہ میں اٹلی کے مرین کے ذریعہ دو ماہی گیروں کے قتل کے ٹرائل کو منسوخ کرنے کے لئے مرکزی حکومت کی درخواست پر سپریم کورٹ نے سماعت ایک ہفتے کے لئے ملتوی کردی ہے۔ ماہی گیروں کے اہل خانہ کے معاوضے کے لئے دس کروڑ روپئے جمع نہیں کروانے پر یہ سماعت ملتوی کردی گئی ہے۔ سی جے آئی ایس اے بوبڈے نے مرکز کو بتایا کہ وہ پہلے ہی اس کیس کو دو ہفتوں کے لئے ملتوی کرنا چاہتے تھے، لیکن خود حکومت نے ہی تین دن میں سماعت کرنے کو کہا، ، ہمیں معلوم ہے کہ حکومت کتنی تیزی دکھاتی ہے۔
گذشتہ سماعت میں سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت سے ماہی گیروں کے اہل خانہ کو دس کروڑ کی معاوضے کی رقم سپریم کورٹ رجسٹری میں جمع کروانے کو کہا تھا۔ عدالت نے کہا کہ سپریم کورٹ متاثرین کو یہ رقم دے گی ، سی جے آئی ایس اے بوبڈے نے کہا کہ جب تک معاوضے کی رقم موصول نہیں ہوتی میرین کے خلاف ٹرائل کی سماعت منسوخ نہیں کی جائے گی۔اطالوی حکومت کی طرف سے بتایا گیا تھا کہ 21 مئی 2020 کو ہندوستان اور اٹلی کے مابین متاثرین کے لئے دس کروڑ روپئے معاوضہ مقرر کیا گیا ہے۔
معاملہ یہ ہے کہ یہ معاوضہ کیسے دیا جائے۔ اگر ہندوستان کی وزارت خارجہ بینک اکاؤنٹ بتائے تو اسے جمع کیا جاسکتا ہے۔ وہ تین دن میں رقم جمع کرادیں گے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے کہا کہ آج وہ بینک اکاؤنٹ نمبر دیں گے۔ اس کے بعد حکومت یہ رقم تین دن میں سپریم کورٹ میں جمع کرائے گی۔ درخواست گزاروں نے مطالبہ کیا کہ یہ معاوضہ سپریم کورٹ میں جمع کرایا جائے اور پھر سپریم کورٹ متاثرین میں معاوضہ تقسیم کرے۔
سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کی درخواست پر سماعت کی۔ مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ سے سماعت روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایس جی تشارمہتا نے بتایا کہ اس معاملے میں حکم کی تعمیل ہوچکی ہے۔مرکز نے کہا کہ عدالتی حکم کے مطابق اٹلی نے متاثرہ افراد کے اہل خانہ کو معاوضہ ادا کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
متاثرہ خاندانوں نے بھی اس پر اتفاق کیا ہے۔ اس کا ٹرائل اٹلی میں چلے گا ، لہٰذا زیر التواء پٹیشن کو نمٹا دیا جائے۔ 2020 میں سپریم کورٹ نے فی الحال اس معاملے کو بند کرنے کے لئے مرکزی حکومت کی درخواست پر حکم جاری کرنے سے انکار کردیاتھا۔



