کورونا کے خوف سے نہیں رکے گی کسان تحریک حکومت دہلی بارڈر پربنائے ویکسی نیشن سینٹر: کسانوں کا مطالبہ
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن)سنیکت کسان مورچہ (ایس کے ایم) نے کہا کہ حکومت کو کسانوں سے نہیں بلکہ کورونا وائرس سے لڑنا چاہئے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کاشتکار مطالبات پورے ہونے کے بعد ہی اپنا احتجاج ختم کریں گے۔ ایس کے ایم نے حکومت سے یہ بھی درخواست کی کہ وہ کسانوں کے مظاہرے والے مقامات پر حفاظتی ٹیکوں کے مراکز قائم کریں اور انہیں وائرس سے بچاؤ کے لئے ضروری سامان اور ہدایات فراہم کریں۔
تنظیم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایسے وقت میں جب وبا ایک بار پھر پھیل چکی ہے، مرکزی حکومت کوکسانوں اور مزدوروں کی فکر کرتے ہوئے فوری طور پر اس صورتحال سے نمٹنا چاہئے جسے اس نے نظرانداز کیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ دہلی کی سرحدوں سے لے کر ملک کے دیگر حصوں تک کسانوں کا احتجاج تب ہی ختم ہوگا جب کسانوں کے مطالبات مانے جائیں گے، حکومت کو چاہئے کہ وہ تارکین وطن مزدوروں کی صحت اور سماجی تحفظ کے لئے بھی ہر ممکن کوشش کرے تاکہ انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اگر حکومت واقعی میں کسانوں، مزدوروں اور عام لوگوں کے بارے میں فکر مند ہے تو اسے کسانوں کے مطالبات کو قبول کرنا چاہئے۔



