
دہلی لاک ڈاؤن: وزیر اعلیٰ کیجریوال نے کہا :چھوٹالاک ڈاؤن ہے ، مزدور بھائی ،بہن واپس نہ جائیں
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن) دہلی میں لگائے گئے ایک ہفتے کے لاک ڈاؤن کے بارے میں وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ یہ لاک ڈاؤن بڑے سانحے سے بچنے کے لئے نافذ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب کوئی راستہ نہیں بچا تھا تو پھر لاک ڈاؤن کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دہلی میں آئی سی یو بیڈ ختم ہوچکے ہیں اور دوائیوں کی کمی کی وجہ سے کوویڈ کی دوسری لہر پھیلنے کی وجہ سے آکسیجن کی سطح بھی کافی کم ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چھوٹا لاک ڈاؤن ہے ، گھبرائیں نہیں۔ مزدور بھائی، بہن لوٹ کر نہ جائیں ۔ مرکزی حکومت کی طرف سے مکمل تعاون مل رہا ہے۔واضح رہے کہ آج دہلی حکومت نے دہلی میں چھ دن کا لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آج لاک ڈاؤن کا اعلان پیر کی رات 10 بجے سے اگلے پیر کی صبح 5 بجے تک کیا گیا ہے۔
کجریوال نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت آپ کا پورا خیال رکھے گی۔ ہم نے یہ فیصلہ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد لیا ہے۔ لاک ڈاؤن کے ان چھ دنوں میں ہم مزید بیڈزاور سپلائی وغیرہ کا بندوبست کرنے میں مدد ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ ہم آپ کو خوفزدہ نہیں کر رہے ہیں ،
ہم یہ نہیں کہیں گے کہ طبی خدمات بالکل ٹھپ ہوچکی ہیں ، لیکن ہاں ان پر بہت دباؤ ہے ، کسی بھی نظام کی ایک حد ہے۔ایسی معلومات ہے کہ تمام نجی دفاتر میں ورک فرام ہوم رہے گا ، صرف سرکاری دفاتر اور ضروری خدمات کھلی رہیں گی۔ گروسری ، کھانا اور میڈیکل اسٹورز اور اخبارات فروخت کرنے والی دکانیں کھلی رہیں گی۔ بینک اے ٹی ایم ، انشورنس دفاتر کھلے رہیں گے۔ ریستورانوں سے ہوم ڈلیوری اور ٹیک اوے کی بھی اجازت ہوگی۔



