
کانگریسی لیڈر کپل سبل مرکز پر برہم : انتخاب جیتنے جیسا جوش کرونا کیخلاف جنگ میں کیوں نظر نہیں آتا ہے
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن)وزیر اعظم نریندر مودی کی تنقید کرتے ہوئے کانگریس کے سینئر رہنما کپل سبل نے پوچھا کہ وہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ جیتنے میں وہ جوش اور لگن کیوں نہیں نظر آرہا ہے ، جو الیکشن جیتنے میں نظر آتا ہے ۔ کورونا وبا کی دوسری لہر کے درمیان کانگریس نے مرکزی حکومت پر اپنی ذمہ داریوں سے صرف نظرکا الزام عائد کیا ہے۔کپل سبل نے وزیر اعظم مودی سے مغربی بنگال میں انتخابی ریلیوں سے خطاب پر سوال کیا ہے۔
سبل نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ مودی جی ! آپ الیکشن جیتنے کے لئے اپنی ساری طاقت اور وسائل کااستعمال کرتے ہیں، لیکن وطن عزیز میں رہنے والے لوگوں کے لئے کرونا کیخلاف جنگ میں ایسا جذبہ اور شوق نظر کیوں نہیں آتا۔منگل کو کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے الزام عائد کیا تھا کہ مرکزی حکومت کی ویکسی نیشن مہم لوگو ں کو تقسیم کئے جانے کے لئے نہیں ہے ؛بلکہ آپس میں بھید بھاؤ کے لئے ہے ۔
واضح ہو ہ مرکزی حکومت کے حکم کے مطابق 18سے 45 سال کی عمر کے لوگ کرونا کے عدم پھیلاؤ کے لئے ویکسین لے سکتے ہیں ۔ جب کہ کانگریس کے چیف ترجمان رندیپ سرجے والا نے الزام لگایا کہ مرکزی حکومت نے ویکسین کی قیمت سے متعلق فیصلہ کمپنیوں پر چھوڑ دیا ہے۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں تنقید کیا کہ پچھلے ایک سال میں کرونا ٹیکس کے نام پر عوام سے رقم لوٹی گئی ، لیکن نہ تو اسپتال بنا او رنہ ہی ڈاکٹر ہیں اور نہ ہی وینٹی لیٹر کا انتظام ہوسکا اور نہ ہی طلب کے مطابق ویکسین ہے۔اور نہ ہی 6000 رقم اکاؤنٹ میں بھیجے گئے ،البتہ کورونا کے نام پر اشتہارات اور فوٹوشوٹ ضرور ہوئے ۔



