یوپی سرکار سخت: ریمیڈیسویر(Remdesivir ) کی کالابازاری کرنے والوں کے خلاف این ایس اے کا انتباہ
لکھنؤ:(اردودنیا.اِن)بڑھتے ہوئے کورونا کیسز اور بدانتظامی کے الزامات کے درمیان یوگی حکومت نے سخت موقف اختیار کیا ہے۔ سی ایم یوگی نے کوویڈ 19 کے انتظام کے لئے تشکیل دی گئی ٹیم 11 کے عہدیداروں کو متعدد ہدایات دیں۔ ان میں ریمیڈسوویر جیسی دوا کی کالابازاری سے متعلق این ایس اے اور گینگسٹر ایکٹ کے تحت کارروائی کرنے کے ساتھ ساتھ اسپتالوں کو ہر روز اپنے بیڈ کی جانکاری عام کرنے سمیت کئی احکامات شامل ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ زندگی بچانے والی دوائیں مثلا ریمیڈیسویر انجکشن(remdesivir injection) اور فیبی فلو کی فراہمی میں اس کی مسلسل نگرانی کی ضرورت ہے۔ ایسی دوائیں اور انجکشن کی کالا بازاری کرنے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
ریمیڈیسویر تیار کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ مستقل رابطے میں رہیں۔واضح ہو کہ کل تک ریاست کو 10,000 ہزارمزیدوائلس مل جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت دی ہے کہ وہ روزانہ 50000 وائل ریمیڈیسویر کی فراہمی کی مانگ کریں ۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ اسپتالوں میں خالی بیڈکے بارے میں معلومات ہر روز عام کی جائیں۔ اس سے مریضوں کے اہل خانہ کومدد ملے گی۔
اس کام میں انٹی گریٹڈ کنٹرول اینڈ کمانڈ سنٹر کا کردار اس سلسلے میں انتہائی مفید ہے، اس کو موثر انداز میں نافذ کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ خو ش آئند ہے کہ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں 14 ہزار سے زیادہ مریض کووڈ انفیکشن سے صحت یاب ہوگئے ہیں اور انہیں اسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ کے مطابق موجودہ حالات میں اتر پردیش میں مکمل لاک ڈاؤن کا سوچا نہیں ہے۔ ہم لوگوں کی زندگی اور معاش دونوں کے تئیں فکر مند ہیں۔ حکومت حالات کا جائزہ لیتے ہوئے تمام ضروری اقدامات کررہی ہے۔ کورونا کرفیو اور ہفتہ وار لاک ڈاؤن جیسی دفعات کو سختی سے نافذ کیا جانا چاہئے۔ ماسک ، سینی ٹائزر اور سماجی فاصلہ کو پوری ایمانداری کے ساتھ نافذ کیا جاسکتا ہے۔لاپرواہ لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔



