تلنگانہ:3/جنوری (اردودنیانیوز) وزیرعمارات وشوارع ویمولاپرشانت ریڈی نے کہا ہے کہ حکمرانی کو غیر کوز کرنے کے لئے قائم کردہ نئے اضلاع کے 10کلکٹریٹس کی عمارتوں کا وزیراعلی کے چندرشیکھرراو اس ماہ افتتاح کریں گے ۔انہوں نے اس سلسلہ میں متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ منسٹرس کوارٹرس میں نئے انٹی گریٹیڈ کلکٹریٹس کی تعمیر کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔انہوں نے یاددہانی کروائی کہ وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کا نظریہ انتظامیہ کو آسان بنانا اور ہر ایک تک اس کی دستیابی کو یقینی بنانا ہے ۔اسی کے حصہ کے طورپر ریاست میں نئے اضلاع کا قیام عمل میں لایاگیاہے
انہوں نے کہاکہ تمام کلکٹریٹس کی تعمیر کا کام آخری مرحلہ میں ہے تاکہ تمام دفاتر کو ایک ہی چھت تلے لایاجائے ۔اس کا مقصد عوام کو سہولت پہنچانا اور ایک دفتر سے دوسرے دفتر تک چکر لگانے سے روکنا ہے ۔انہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ تعمیراتی کام جلد مکمل کریں۔اس ماہ کے پہلے ہفتہ میں سدی پیٹ،نظام آباد،دوسرے ہفتہ میں کاماریڈی، جگتیال،سرسلہ، تیسرے ہفتہ میں ورنگل، جنگاوں،پداپلی،چوتھے ہفتہ میں وقارآباد، میڑچل اضلاع کے نئے کلکٹریٹس کا افتتاح کیاجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ چند نئے کلکٹریٹس کی عمارتیں جن کی تعمیر کا کام جاری ہے ،آئندہ چند ماہ میں افتتاح کے لئے تیار رہیں گے ۔حکام کو ہدایت دی گئی کہ وہ ونپرتی،محبوب آباد، میدک، ناگرکرنول، کھمم، سوریہ پیٹ اور بھوپال پلی اضلاع کے نئے کلکٹریٹس کے کاموں میں تیزی پیداکریں۔انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو انتظامیہ کی سہولت کے بارے میں وزیراعلی کے چندرشیکھرراو سنجیدہ ہیں۔تمام دفاتر کو عوام کے لئے ایک ہی چھت تلے لانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔