بین الاقوامی خبریں

افغانستان: طالبان کے حملے میں کم از کم ایک درجن افغان پولیس اہلکار ہلاک

کابل: (ایجنسیاں)افغانستان میں طالبان کے حملوں میں کم از کم ایک درجن افغان پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ طالبان نے یہ حملے ایسے وقت کیے ہیں جب امریکا اور نیٹو ممالک نے جنگ زدہ ملک افغانستان سے اپنی افواج کا انخلا ء شروع کر دیا ہے۔افغانستان میں غیر ملکی فورسز کے کمانڈر جنرل اسکاٹ ملر نے کہا ہے کہ امریکی اور مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے فورسز کا انخلاء شروع ہو گیا ہے اور فوجی اڈے اور جنگی آلات افغان فوج کے حوالے کرنے شرو ع کر دیئے گئے ہیں۔

یہ اقدامات امریکی صدر جو بائیڈن کے افغانستان میں طویل ترین امریکی جنگ کے خاتمے کے فیصلے کے تحت کیے جا رہے ہیں۔طالبان نے اتوار کے روز لوگر اور قندھار صوبوں میں اتوار کے روز حملے کیے۔ ان میں بارہ افغان پولیس مارے گئے۔ لوگر کے صوبائی گورنر کے ترجمان دیدار لوانگ نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ سات پولیس اہلکار ہلاک اور تین دیگر اس وقت زخمی ہو گئے جب طالبان نے لوگر صوبے کے محمد آغا ضلع میں ان کی گاڑیوں پر حملہ کر دیا۔

یہ پولیس اہلکار دارالحکومت کابل کے جنوب میں واقع لوگر میں تانبے کی کانوں کی حفاظت پر مامور تھے۔ لوگر کی ریاستی پولیس نے بھی اس حملے کی تصدیق کی ہے۔افغانستان میں تانبے، لوہے، کوبالٹ اور لیتھیئم کے ذخائر پائے جاتے ہیں تاہم خانہ جنگی اور بدعنوانیوں کی وجہ سے ملک کی اقتصادی حالت بہت خراب ہے۔

اتوار کے روز ہی ایک دوسرا دھماکہ طالبان کے گڑھ سمجھے جانے والے قندھار میں ہوا جب کہ ایک خود کش بمبار نے دھماکہ خیز مادوں سے لدی ہوئی اپنی کار پولیس کی گاڑی سے ٹکرادی۔ یہ حملہ قندھار کے مائی وند ضلع میں پیش آیا۔ اس میں چار پولیس والے زخمی بھی ہو گئے۔ ملک کے مختلف حصوں میں حکومتی سکیورٹی فورسز اورطالبان میں جنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button