
پٹنہ:(اردودنیا.اِن)ملک کے سب سے بڑے قرض دہندہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی)نے اپنے موبائل بینکنگ ایپ – یونو پر ویڈیو کے وائی سی پر مبنی اکاؤنٹ کھولنے کی سہولت لانچ کی ہے۔ اس طرح سے صارفین بینک برانچ کا دورہ کیے بغیر ہی ایس بی آئی کے ساتھ اپنا اکاؤنٹ کھول سکتے ہیں۔ آرٹیفیشیل انٹلیجنس (اے آئی) اور فیشیل ریکوگنیشن ٹیکنالوجی کے ذریعہ ا?پیرٹ ہونے والا یہ ڈیجیٹل اقدام مکمل طور پر کنٹیکٹ لیس اور پیپر لیس عمل ہے۔ یہ ویڈیو کے وائی سی سہولت ایس بی آئی کے ساتھ ایک نیا سیونگ اکائونٹ کھولنے کا منصوبہ بنارہے صارفین کے لئے دستیاب ہوگی۔
اس نئی سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لئے گاہک کو صرف یونو ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کی ضرورت ہے ، اس کے بعد ‘نیو ٹو ایس بی آئی’ پر کلک کریں اور ‘انسٹا پلس سیونگ اکاؤنٹ’ کو منتخب کریں۔ انہیں ایپ میں اپنے آدھار کی تفصیلات درج کرنا ہوں گی اور آدھار کی توثیق کی تکمیل کے بعد انہیں ذاتی تفصیلات ان پٹ کرنا ہوں گی اور کے وائی سی عمل کو مکمل کرنے کے لیے ویڈیو کال شیڈول کرنا پڑے گا۔
ویڈیو کے وائی سی کے کامیابی سے مکمل ہونے پر اکاؤنٹ خودبخود کھل جائے گا۔ایس بی آئی کے چیئرمین مسٹر دنیش کھارانے کہاہے کہ ہمیں آن لائن سیونگ بینک اکاؤنٹ کھولنے کی سہولت کا اعلان کرتے ہوئے بہت خوشی ہوئی ہے۔ موجودہ وبا کی صورتحال میں کنٹیکٹ لیس اور پیپر لیس عمل کافی اہم ہے۔ یہ گاہک کی حفاظت ، مالی تحفظ اور قیمت پر تاثیر کو یقینی بنانے کے لئے ایک قدم آگے ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ اقدام موبائل بینکنگ میں ایک نئی جہت کا اضافہ کرے گا اور صارفین کو اپنی بینکنگ ضروریات کے لئے ڈیجیٹل عمل اپنانے کا اہل بنائے گا۔
یہ ترقی ڈیجیٹل انڈیا سے ہماری وابستگی کا ایک اور ثبوت ہے۔نومبر2017 میں اس کے آغاز کے بعد سے ، یونو نے 80 ملین ڈاؤن لوڈ اور 37 ملین سے زیادہ رجسٹرڈ صارفین کے ساتھ صارفین میں وسیع پیمانے پر منظوری حاصل کی ہے۔ ایس بی آئی نے 100 سے زائد ای کامرس کمپنیوں کے ساتھ یونو پلیٹ فارم پر 20 سے زیادہ اقسام میں شراکت کی ہے۔
اس پلیٹ فارم کے دیگر اہم اقداموں میں یونو زراعت ، یونو کیش ، اور پی اے پی ایل شامل ہیں۔ اس میں مزید سہولیات کو جلد شامل کرنے کی تیاریاں جاری ہیں۔



