
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن)ملک میں کورونا کے ایک دن میں درج ہوئے نئے کیسزمیں سے 73.05 فیصد مہاراشٹر ، اترپردیش اور دہلی سمیت 10 ریاستوں میں رپورٹ ہوئے ہیں۔ جمعہ کو مرکزی وزارت صحت نے کہا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں انفیکشن کے 3,86,452نئے کیسزرپورٹ ہوئے ہیں ، جو ابھی تک کے نمایاں کیسز ہیں۔ اس کے ساتھ ملک میں اب تک مجموعی طور پر 18762976 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
جن ریاستوں میں کورونا کے 73.05 فیصد نئے کیسزسامنے آئے ہیں ان میں کرناٹک ، کیرالہ ، چھتیس گڑھ ، مغربی بنگال ، تمل ناڈو ، آندھرا پردیش اور راجستھان شامل ہیں۔مہاراشٹر میں سب سے زیادہ 66159 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں ، اس کے بعد کیرالہ میں 38607 اور اتر پردیش میں 35104 کیسز درج ہوئے ہیں۔ وزارت صحت نے بتایا کہ گزشتہ24 گھنٹوں میں 1920107 نمونوں کی جانچ کی گئی ہے۔ ملک میں کسی ایک دن میں ہونے والی جانچ کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔
اس وقت ملک میں 3170228 افراد زیر علاج ہیں ، جو ملک میں انفیکشن کے کل کیسوں کا 16.90 فیصد ہے۔ زیر علاج مریضوں کی تعداد ایک دن 85414 کا اضافہ ہوا ہے۔ وزارت کے اعدادوشمار کے مطابق ملک میں زیر علاج مریضوں میں سے 78.18 فیصد 11 ریاستوں – مہاراشٹرا ، کرناٹک ، اترپردیش ، کیرالہ ، راجستھان ، گجرات ، چھتیس گڑھ ، آندھرا پردیش ، تمل ناڈو ، مغربی بنگال اور بہار میں رپورٹ ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قومی اموات میں کمی آرہی ہے اور اس وقت یہ 1.11 فیصد ہے۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3498 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں ، ان میں سے 10 ریاستوں میں 77.44 فیصد اموات ہوئی ہیں۔ مہاراشٹر میں سب سے زیادہ 771 اموات ریکارڈ کی گئیں اور اس کے بعد دہلی 395 افراد کی موت ہوئی۔ ہندوستان میں ایک دن میں 297540 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں اور شفایاب لوگوں کی کل تعداد اب تک بڑھ کر 15384418 ہوگئی ہے ، جس میں سے 76.61 فیصد افراد 10 ریاستوں میں ہیں۔
وزارت نے بتایا کہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ اینڈ نیورولوجی نے ایک ہیلپ لائن نمبر جاری کیا ہے ، جو مہاماری کے دوران ذہنی صحت سے متعلق مسائل سے نمٹنے اور نفسیاتی مدد فراہم کرنے کے لئے چوبیس گھنٹے خدمت میں ہے۔



