
گروگرام:(اردودنیا.اِن)دہلی سے ملحق گروگرام انتظامیہ نے ایک نیا تغلقی فرمان جاری کیا ہے ، جس کے مطابق گروگرام کے تمام آکسیجن پلانٹوں پر صرف گروگرام کے اسپتال کو ہی آکسیجن دیئے جائیں گے۔آکسیجن گرگرام کا آدھار کارڈ دیکھنے کے بعد دی جائے گی۔مہیش گروگرام مینیسر کے اسٹار گیس پلانٹ کے باہر ہفتے کی صبح سے لاچار کھڑے ہیں ،
ان کے والد گرگرام میں اسپتال میں داخل ہیں۔ ہسپتال نے کہا ہے کہ آکسیجن ختم ہوگیا ہے ، اپنے مریض کے لئے خود آکسیجن کا انتظام کریں۔ اسپتال نے مہیش کو لیٹر ہیڈ پر تحریری طور پر بھی دیا ہے، لیکن انہوں نے یہاں یہ کہتے ہوئے آکسیجن دینے سے انکار کردیا ہے کہ آکسیجن صرف اسپتال کے ایمبولینس کو دی جائے گی۔
مہیش نے کہا کہ وہ یہاں دہلی کے لوگوں کو گیس نہیں دے رہے ہیں، مریض کی تفصیلات چاہیے،آدھار کارڈ چاہیے،یہاں خالی آکسیجن سلنڈروں کی نہ ختم ہونے والی قطاریں ہیں۔ گذشتہ رات سے ہی لوگ یہاں قطار میں لگے ہوئے ہیں۔ اسی طرح سریش چند گابا کہتے ہیںکہ میں کل سے کھڑا ہوں، پلانٹ والے کہہ رہے ہیں کہ صرف ایمبولینسوں کو آکسیجن ملے گی، آکسیجن نہ ملا تو میرا بھائی فوت ہوجائے گا۔ گروگرام انتظامیہ کے تغلقی فرمان کے مطابق شہر میں ہو م آئی سو لیشن میں رہنے والے مریضوں کو آکسیجن نہیں دی جائے گی۔ آکسیجن کی تلاش میں یہاں پہنچنے والے پشپا کا کہنا ہے کہ میں صبح 6 بجے سے کھڑی ہوں، وہ کہہ رہے ہیں کہ اگر وہ اسپتال میں نہیں ہیں تو وہ انہیں نہیں دیں گے۔
گروگرام کے نیو برن اور چلڈرن کیئر نرسری کے ہسپتال کے مطابق بہت سے نوزائیدہ بچے اسپتال میں آکسیجن پر ہیں اور وہ آکسیجن ختم ہونے والی ہے، اگر جلد ہی آکسیجن نہیں مل پائی، تو بہت سے نوزائیدہ بچوں کی زندگیاں خطرے میں پڑسکتی ہیں۔



