تلنگانہ کی خبریں

ایٹالہ راجندر کی جگہ ڈاکٹر لکشما ریڈی کو وزارت صحت کی ذمہ داری ؟

کابینہ میں ردوبدل کی دوبارہ قیاس آرائیاں، غیر کارکرد وزراء کی علحدگی کا امکان

تلنگانہ ::(اردودنیا.اِن)وزیر صحت کی حیثیت سے ایٹالہ راجندر کی برطرفی کے ساتھ ہی پھر ایک بار تلنگانہ کابینہ میں ردوبدل کی قیاس آرائیاں تیز ہوچکی ہیں۔ برسراقتدار پارٹی کے حلقوں میں یہ بات گشت کررہی ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ عنقریب کابینہ میں تبدیلی کریں گے اور بعض وزراء کو علحدہ کرتے ہوئے نئے چہروں کو شامل کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے اپنی ٹیم کی تیاری کے سلسلہ میں بااعتماد رفقاء اور مشیران سے مشاورت کی ہے۔ پارٹی قائدین کا ماننا ہے کہ وزارت صحت کی ذمہ داری پھر ایک مرتبہ ڈاکٹر لکشما ریڈی کو دی جاسکتی ہے جو سابق میں وزیر صحت کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔

لکشما ریڈی کو حکومت کی دوسری میعاد میں وزارت میں شامل نہیں کیا گیا۔ وزارت صحت کا قلمدان فی الوقت چیف منسٹر کے پاس ہے اور کورونا کی موجودہ صورتحال میں وہ چیف سکریٹری کے ذریعہ وزارتی اُمور کی تکمیل کررہے ہیں۔ چیف منسٹر کے پاس قلمدان کی موجودگی کے سبب عہدیداروں کو کوئی بھی مسئلہ رجوع کرنے میں دشواری کا سامنا ہے لہذا توقع کی ہے کہ چیف منسٹر اپنے کسی بااعتماد ساتھی کو صحت کا قلمدان حوالے کریں گے۔ ریاست میں کورونا کی صورتحال دن بہ دن بگڑتی جارہی ہے اور چیف منسٹر نے چیف سکریٹری کو روزانہ تین مرتبہ جائزہ اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے وزراء کی کارکردگی کے بارے میں سروے رپورٹ حاصل کی ہے جس میں غیر کارکرد وزراء کی نشاندہی کرلی گئی جن کے بارے میں توسیع کے وقت فیصلہ کیا جائے گا۔

بتایا جاتا ہے کہ غیر کارکرد وزراء کو تبدیل کرتے ہوئے نئے چہروں کو شامل کیا جائے گا۔ ڈاکٹر لکشما ریڈی محبوب نگر کے جڑچرلہ اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرتے ہیں اور انہوں نے2014 سے 2018 تک وزارت صحت کے قلمدان کی ذمہ داری نبھائی تھی۔ 2018 میں لکشما ریڈی کی جگہ سرینواس گوڑ اور نرنجن ریڈی کو محبوب نگر ضلع سے کابینہ میں جگہ دی گئی تھی۔ لکشما ریڈی بتایا جاتا ہے کہ ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ سے کافی قریب ہیں اور موجودہ صورتحال میں کے ٹی آر کابینہ میں ان کی واپسی کو یقینی بنائیں گے۔

واضح رہے کہ ایٹالہ راجندر ٹی آر ایس کے دوسرے وزیر صحت ہیں جنہیں درمیان میں ہی برطرف کردیا گیا۔ حکومت کی پہلی میعاد میں گھن پور کے رکن اسمبلی ٹی راجیا جنہیں ڈپٹی چیف منسٹر کے عہدہ کے ساتھ وزارت صحت کی ذمہ داری دی گئی تھی لیکن بعض الزامات کے بعد 2015 میں انہیں کابینہ سے برطرف کردیا گیا جبکہ وہ چند ماہ کیلئے اس عہدہ پر فائز رہے ۔

بعد میں ڈاکٹر لکشما ریڈی کو وزارت صحت کی ذمہ داری دی گئی تھی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ناگرجنا ساگر اور مجالس مقامی کے حالیہ انتخابات میں بہتر مظاہرہ کرنے والے ارکان اسمبلی کو کابینہ میں جگہ دی جاسکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button