
5 ریاستوں میں کانگریس کی کارکردگی پرکپل سبل کااظہارتشویش،کہا پارٹی کواپنے اندرجھانکاچاہئے
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے نتائج آنے کے بعد اب کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر کپل سبل نے اپنی پارٹی کو ہی نصیحت دی ہے۔ سبل نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو اپنی کارکردگی پر توجہ دینی چاہئے، کیونکہ پارٹی مغربی بنگال میں ایک بھی نشست نہیں جیت سکی۔ وہیں پارٹی آسام اور کیرالہ میں بھی ناکام ہوگئی۔
سبل نے کہاکہ حالیہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ آسام اور کیرالہ میں پارٹی ناکام ہوگئی۔ مغربی بنگال میں ایک بھی سیٹ حاصل نہیں کرسکی۔ اب جب پارٹی کی طرف سے آواز اٹھائی جا رہی ہے تو اس تماشے پرغورکیاجاناچاہئے۔ سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ وہ کانگریس کی کارکردگی پر زیادہ تبصرہ نہیں کریں گے اور جب صحیح وقت ہوگا تو اس معاملے پر بات کریں گے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہم اپنے خیالات رکھیں گے، آج تمام لوگ کووڈ وبا سے لوگوں کی جان بچانے کے لئے مل کر کام کریں۔
ملک میں کووڈ کی صورتحال کولے کر وزیر اعظم مودی پرطنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو یہ کہنا چاہئے کہ ہم وبا کے خلاف اس جدوجہد کو جیتیں گے، الیکشن ایک الگ معاملہ ہے لیکن یہ زندگی اور موت کی لڑائی ہے۔آپ کو بتادیں کہ کپل سبل کانگریس میں باغی گروپ جی 23 دھڑے کا حصہ رہے ہیں۔ اس گروپ نے سونیا گاندھی کو گذشتہ سال اگست میں ایک خط لکھا تھا جس میں پارٹی میں تنظیمی اصلاح کا مطالبہ کیا تھا۔
اب انہوں نے پانچ ریاستوں میں کانگریس پارٹی کی کارکردگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اور جی 23کے دیگر لیڈران جیسے منیش تیواری، غلام نبی آزاد اور آنند شرما نے بھی مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی کو بنگال میں بی جے پی کو شکست دینے پر مبارکباد دی ہے۔



