بین ریاستی خبریں

بنگال تشدد میں مرنے والے لوگوں کے لواحقین کیلئے وزیراعلی ممتا بنرجی نے کیا معاوضے کا اعلان

کہا بی جے پی لیڈران لوگوں کو اکسارہے ہیں

کولکتہ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) وزیر اعلی ممتا بنرجی نے مغربی بنگال میں انتخابات کے بعد ہونے والے تشدد میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو دو لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ بلا تفریق معاوضہ دیا جائے گا۔ جب الیکشن کمیشن پر امن و امان کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے تب ہوئے تشدد میں 16 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اس میںآدھے ٹی ایم سی اور آدھے بی جے پی کے تھے،ایک سنیکت مورچہ سے منسلک تھا۔

بی جے پی پر طنزکرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی لیڈران یہاں گھوم رہے ہیں اور لوگوں کو اکسارہے ہیں، نئی حکومت کے 24 گھنٹے بھی نہیں ہوئے ہیں، وہ خطوط بھیج رہے ہیں، ان کی ٹیم یہاں آرہی ہے اور ان کے لیڈران یہاں آرہے ہیں، وہ مینڈیٹ کو قبول کرنے کے لئے واقعی تیار نہیں ہیں، میری ان سے گزارش ہے کہ وہ عوام کا مینڈیٹ قبول کریں۔

آپ کو بتادیں کہ 2 مئی کو نتائج کے اعلان کے بعد مغربی بنگال میں کئی مقامات پر تشدد ہوا تھا۔ اس معاملے میں مرکزی وزارت داخلہ نے ریاستی حکومت سے رپورٹ مانگی ہے لیکن ریاستی حکومت نے ابھی تک رپورٹ نہیں بھیجی ہے۔اس کے بعد مرکزی وزارت داخلہ نے انتخابات کے بعد مبینہ تشدد کی وجوہات کی تحقیقات اور ریاست میں زمینی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے چار رکنی ٹیم تشکیل دی ہے۔

ایڈیشنل سکریٹری کی سربراہی میں ٹیم مغربی بنگال پہنچ گئی ہے۔اتناہی نہیں مرکزی وزارت داخلہ نے تشدد کے واقعات پر گورنر جگدیپ دھنکھر سے بھی ایک رپورٹ مانگی ہے۔ گورنر سے صورتحال سے متعلق جائزہ لینے کے بعد جلد از جلد رپورٹ وزارت کو پیش کرنے کو کہا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button