کرونا بحران میں سرکارکا عوام کی جان سے کھلواڑ
فرید کوٹ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ملک میں کورونا کی صورتحال مزید بدتر ہوتی جارہی ہے ، اسپتالوں میں آکسیجن ، بیڈ اور ضروری اشیاء کی قلت و فقدان کا سامنا ہے ۔ حال ہی میں پنجاب کے فریدکوٹ سے ایک چونکا دینے والا کیس سامنے آیا ہے۔ یہاں مرکزی حکومت کے ذریعہ گرو گووند سنگھ میڈیکل کالج اسپتال بھیجے گئے 80 میں سے صرف 9 وینٹی لیٹر درست نکلے ، بقیہ 71وینٹی لیٹرز میں تکنیکی خرابیاں نکلی، تاہم ان کو ٹھیک کرنے کا کام جنگی بنیادوں پر جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق فرید کوٹ کے گرو گووند سنگھ میڈیکل کالج اسپتال میں 310 کورونا مریض داخل ہیں، اس سے قبل یہاں 39 وینٹی لیٹر دستیاب تھے اور ان میں سے صرف 37 کام کر رہے ہیں،ضرورت پڑنے پر مرکزی سرکار نے 80 وینٹی لیٹر فراہم کئے،لیکن حیرانی کی بات یہ ہوئی کہ ان وینٹی لیٹرز میں سے محض9وینٹی لیٹرز ہی درست پائے گئے ، بقیہ 7 میں تکنیکی خامیاں تھیں۔ میڈیکل کالج انتظامیہ نے وینٹی لیٹر کی خرابی سے ریاستی حکومت کو آگاہ کردیاہے، اس کے بعد بدھ کے روز چیف سکریٹری کی منظوری سے ایک ٹیم یہاں وینٹی لیٹرز کو درست کرنے کے لئے پہنچی ہے۔
ایگوا ہیلتھ کیئر کے ذریعہ تیار کردہ یہ وینٹی لیٹر وزیر اعظم ریلیف فنڈسے آئے ہیں۔اسپتال کے ڈاکٹروں نے کہا کہ انہیں سینٹر میں بھیجے جانے والے وینٹی لیٹرز پر اعتماد نہیں ہے، وہ بمشکل 1-2 گھنٹے کام کرسکتے ہیں۔ بابا فرید یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر ڈاکٹر راج بہادر کا بھی کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے ریلیف فنڈ سے فراہم کردہ وینٹی لیٹروں کا معیار ناقص اور ناقابلِ اعتبار ہے ۔



