بین ریاستی خبریں

یوپی: بی جے پی ایم ایل اے کا اپنی ہی حکومت کے خلاف بیان زیادہ بولوں گا تو غداری کا کیس ہوجائے گا

لکھنؤ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)اترپردیش کے سیتا پور ضلع سے تعلق رکھنے والے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک ایم ایل اے راکیش راٹھور نے اپنی ہی پارٹی کی حکومت پر حملہ کیا ہے۔ راکیش راٹھور نے کہا کہ ان کے جیسے ایم ایل اے کی ریاست میں کوئی حیثیت نہیں ہے اور اگر وہ میڈیا کے سامنے بیانات دیتے ہیں تو ان کے خلاف غداری کا مقدمہ چلایا جائے گا۔

ایم ایل اے راکیش راٹھور سے سیتا پور میں گورنمنٹ ٹراما سنٹر شروع کرنے کے بارے میں ایک سوال پوچھا گیاتھا کہ یہ عمارت کئی سالوں سے تیار ہے، لیکن کام نہیں ہورہا ہے۔ اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں نے بہت سے اقدامات کیے ہیں، لیکن ایم ایل اے کی کیا حیثیت ہے؟ اگر میں زیادہ بولتا ہوں تو پھر میرے خلاف غداری کا مقدمہ چل جائے گا۔

ان سے جب پوچھا گیا کہ کیا وہ اس بات کا اشارہ کررہے ہیں کہ وہ ایم ایل اے کی حیثیت سے اپنی حکومت کی نمائندگی نہیں کرسکتے ہیں؟ تو انہوں نے کہاکہ کیا آپ کو لگتا ہے کہ ایم ایل اے اپنے من کی بات کہہ سکتے ہیں جو وہ چاہتے ہیں؟ آپ جانتے ہیں میں نے پہلے بھی سوالات اٹھائے ہیں۔راکیش راٹھور پہلی بار ایم ایل اے بنے ہیں۔

انہوں نے 2017 کے اسمبلی انتخابات سے قبل بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ اس سے قبل وہ آزاد حیثیت سے انتخاب لڑ چکے تھے اور بہوجن سماج پارٹی سے بھی وابستہ تھے۔پچھلے سال ایک معاملے کی وجہ سے بی جے پی کی ریاستی ہائی کمان نے ان سے صفائی مانگی تھی ۔

ان کا ایک آڈیو کلپ مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر وائرل ہوا، جس میں وہ وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کررہے تھے ۔ اس کلپ میں وہ مبینہ طور پر بی جے پی کے ایک دیگررہنما سے بات کررہے تھے، جس میں کورونا وبا کے ابتدا ئی دنوں میں ہی لوگوں کو تالی، تھالی بجوانے کی وزیر اعظم کی اپیل کو غلط بتارہے تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button