روم :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)شمالی اٹلی کے پائیڈ ماونٹ علاقے میں وربانیا کے قریب اتوار کے روز کیبل کارحادثے میں پانچ اسرائیلی شہریوں سمیت چودہ افراد ہلاک ہو گئے۔اطالوی حکام کا کہنا ہے کہ اتوار کے روزشمالی شہر وربانیا کے قریب تقریبا ً 65 فٹ کی بلندی سے ایک کیبل کار زمین پر آگری جس سے ایک نو سالہ بچہ سمیت چودہ افراد ہلاک ہو گئے۔ہلاک ہونے والوں میں ایک جوڑے سمیت پانچ اسرائیلی شامل ہیں جبکہ ان کا پانچ سالہ بچہ زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہا ہے۔
اطالوی حکام نے بتایا کہ یہ حادثہ پائیڈ ماونٹ خطے میں ماگیوری جھیل کے کنارے واقع سیاحتی قصبے اسٹریسا میں پیش آیا۔ حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب کیبل کار میں سوار افراد پہاڑی چوٹی کا نظارہ کر رہے تھے۔انہوں نے مزید بتایا کہ شدید زخمی دو بچوں کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں ایک کی موت ہو گئی۔
صدر سرجیو میٹریلا اور وزیر اعظم ماریو ڈریگہی نے اس حادثے پر انتہائی افسو س کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ علاقائی نیز یورپی یونین کے رہنماؤں نے بھی اس حادثے پر غم اور افسوس ظاہر کیا ہے۔
یورپین کونسل کے صدر چارلس مشیل نے ایک ٹوئٹ میں حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے رشتہ داروں اور دوستوں کو اپنی دلی تعزیت پیش کرتے ہیں۔
اطالوی انفراسٹرکچر کی وزارت نے ایک بیان میں کہا کہ یہ حادثہ دوپہر ساڑھے بارہ بجے کے قریب پیش آیا، جب پندرہ افراد کیبل کار پر سوار تھے جس میں زیادہ سے زیادہ 35 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش تھی۔ جس وقت یہ حادثہ پیش آیا کیبل کار پہاڑ کی چوٹی سے تقریباً 100 میٹر دور تھی۔زارت نے حادثے کی جانچ کا حکم دے دیا ہے۔اس کا کہنا ہے کہ حادثہ غالباً اس لیے پیش آیا کہ چوٹی کے قریب وائر کمزور ہو گیا تھا۔
اسٹریسا کی میئر مارسیلا سیورینو نے بتایا کہ کار پیچھے کی جانب لڑھکنے لگی اور ایک کھمبے سے ٹکرا گئی۔ بیس منٹ کے کیبل کار کا یہ سفر سیاحوں میں کافی مقبول ہے۔ یہ اسٹریسا کو موٹارون پہاڑ کی چوٹی سے جوڑتا ہے جہاں سے پورے علاقے کا انتہائی خوبصورت منظر دکھائی دیتا ہے۔اطالوی حکام نے بتایا کہ حادثے کے بعد کچھ متاثرین کار کے اندر پھنسے ہوئے پائے گئے جب کہ دیگر بلندی سے زمین پر آگرے تھے۔



