ویکسین سرٹیفکیٹ پر وزیر اعظم مودی کی تصویر سے مانجھی ناراض کہا، ڈیتھ سرٹیفکیٹ پر وزیر اعظم مودی کی تصویر کیوں نہیں ہے ؟
پٹنہ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ویکسین سرٹیفکیٹ پر وزیر اعظم نریندر مودی کی تصویر کو لے کر تنازعہ بڑھتا جارہا ہے۔ حزب اختلاف کے حملوں کے بعد اب اتحادی پارٹی کے لیڈران بھی مخالفت پر اتر آئے ہیں۔ بہار میں این ڈی اے حکومت میں شریک اقتدار ہم پارٹی نے بھی نشانہ بنایا ہے۔ پارٹی کے سربراہ جتن رام مانجھی نے اس معاملے پر دو ٹوئٹ کئے ہیں ۔
سابق وزیر اعلیٰ مانجھی نے اتوار کے روز لکھا کہ کو ویکسین کی دوسری خوراک لینے کے بعد مجھے ایک سرٹیفکیٹ دیا گیا ، جس میں وزیر اعظم کی تصویر چھپی ہوئی ہے۔ ملک میں آئینی اداروں کاسربراہ صدرجمہوریہ ہوتا ہے، ا س لئے اس پر صدر جمہوریہ کی تصویر ہونی چاہئے۔ ویسے اگر تصویر لگانا ہی ہے توصدر جمہوریہ کے علاوہ ، وزیر اعظم اور سی ایم کی بھی تصویر ہونی چاہئے۔
دراصل سابق سی ایم جیتن رام مانجھی نے اتوار کے روز کورونا ویکسین کی دوسری خوراک لی ہے۔انہوں نے پیر کے روز بھی ایک ٹویٹ کیا ، جس میں انہوں نے لکھاکہ اگر آپ کو ویکسین سرٹیفکیٹ پر فوٹو لگانے کا اتنا شوق ہے تو کورونا کی وجہ سے ہونے والی موت کے ڈیتھ سرٹیفکیٹ بھی پی ایم مودی کی تصویر ہونی چاہیے تھی، ایسا کرنا مساویانہ عمل ہوتا۔خیال رہے کہ جیتن رام مانجھی کی پارٹی مہاگٹھ بندھن کا بھی حصہ رہ چکی ہے ، لیکن پھر گھر واپسی کرتے ہوئے بی جے پی اتحاد این ڈی اے کا حصہ بن گئے ۔



