
چنڈی گڑھ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ہریانہ حکومت نے ریاست میں کورونا مریضوں کو یوگا گرو رام دیو کی کمپنی پتنجلی کی متنازعہ آیورویدک دوا’کورونیل‘ کا کٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔ ریاستی وزیر انیل وج نے ٹویٹ کرکے اس کے بارے میں معلومات دی۔ ہریانہ حکومت کے اس فیصلے کی سوشل میڈیا پر بھی تنقید کی جارہی ہے۔
انیل وج نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ہریانہ میں کوویڈ مریضوں میں ایک لاکھ پتنجلی کی کورونیل کٹس مفت تقسیم کی جائیں گی۔ کورونیل کانصف خرچہ پتنجلی اور نصف خرچہ ہریانہ حکومت کے کوویڈ ریلیف فنڈ نے برداشت کیاہے۔ہریانہ کے دیہی علاقوں میں کورونا کیسز میں کافی اضافہ ہوا ہے۔ ریاست کی بی جے پی حکومت نے اس کے لیے کسانوں کی تحریک میں حصہ لینے کوذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ ریاستی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اس طرح کی میٹنگیں ایک سپر اسپریڈر کی طرح ہوتی ہیں۔
واضح رہے کہ رام دیو نے فروری میں مرکزی وزیر صحت ہرش وردھن کی موجودگی میں کورونیل کا آغاز کیا تھا۔ رام دیو نے دعوی کیا کہ یہ کورونا کی پہلی دوا ہے۔ اس کے بعد اس پر بہت تنازعہ ہواتھا۔ انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن نے سوال اٹھایا تھا کہ ڈاکٹر اور وزیر صحت کیسے ملک میں ’غیر سائنسی پروڈکٹس ‘کو فروغ دے سکتے ہیں۔



