
پیر سے تعمیر اور فیکٹری کی سرگرمیاں ہوں گی شروع : سی ایم کیجریوال
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)دہلی میں کورونا وائرس کے کم ہورہے کیسز کو دیکھتے ہوئے لاک ڈائون میں رعایت دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ جمعہ کی صبح دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا اجلاس ہوا ہے، جس کے بعد دہلی کے وزیر اعلی کیجریوال ڈیجیٹل پریس کانفرنس میں بتایا کہ لاک ڈاون میں رعایت دینے کا عمل آہستہ آہستہ شروع ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت محنت اور مشکل سے کورونا قابو میں آیا ہے لیکن ابھی مکمل جنگ نہیں جیتی جاسکی ۔
ایسا نہ ہو کہ گزشتہ1 مہینے میں حاصل ہونے والا منافع ضائع ہوجائے، لہٰذا ہر ایک کا خیال ہے کہ اس کوآہستہ آہستہ کھولنا چاہئے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں ان لوگوں کی دیکھ بھال کرنی ہوگی جو یومیہ اجرت پر کام کرتے ہیں۔ ایسے مزدورہم کو تعمیرات اور فیکٹریوں میں کام کرنے والے دکھائی دیتے ہیں ، اسی لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ یہ دونوں سرگرمیوں کوپیر 31 مئی سے کھولا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کے معاملات کے پیش نظر آگے لاک ڈائون میں رعایت دی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ہم ہر ہفتے عوام کی تجاویز اور ماہرین کے خیالات کی بنیاد پر آہستہ آہستہ لاک ڈائون میں رعایت دیتے رہیں گے۔ اگر معاملات ایک بار پھر بڑھنے لگے تو پھر ہمیں یہ عمل روکنا ہوگا۔ سب کو احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ لاک ڈاؤن مجبوری کے تحت نافذ کیا گیا ہے، ہم نہیں لگانا چاہتے۔



