بین ریاستی خبریں

اے ایم یو:ہاسٹل خالی کرنے کا فرمان طلبہ لیڈروں نے سخت اعتراضات کا اظہار کیا

علی گڑھ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)اترپردیش کی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے کورونا وبا کے پیش نظر طلبہ کو ہاسٹل خالی کرنے اور وطن واپس جانے کاحکم دیا ہے۔ یہ فیصلہ اے ایم یو کے اعلیٰ عہدیداروں کی میٹنگ میں کیاگیاہے اور جمعہ کو یونیورسٹی کے رجسٹرار عبد الحمید کی جانب سے طلباء کے لیے ہاسٹل خالی کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔

اے ایم یو کے رجسٹرار نے اعلان کیاہے کہ ہاسٹل میں مقیم طلبا کے والدین کو ایک خط بھیجا جائے گا تاکہ اس بات کو یقینی بنایاجاسکے کہ ان کا بچہ ہاسٹل خالی کرکے اپنے گھر واپس آجائے گا۔ تمام والدین کو ایک خط بھیجا جائے گا کہ وبا کے تناظر میں طالب علم کی صحت کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے یہ اقدام ضروری ہے۔تاہم طلبہ رہنماؤں نے اے ایم یو انتظامیہ کے اس فیصلے پر سخت اعتراض کیا ہے۔

اے ایم یو کے سابق طلبہ یونین کے صدر فیض الحسن نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے وقت طلباء کی بڑی تعداد مختلف ہاسٹلز میں مقیم ہے۔ حسن نے بتایاہے کہ ہاسٹل میں رہ کر یہ طالب علم اپنی آن لائن تعلیم جاری رکھ سکتے ہیں لیکن بیشتر دیہی علاقوں سے آنے والے طلباء گھرسے تعلیم حاصل نہیں کرسکیں گے کیونکہ نیٹ ورک کا مسئلہ جاری رہے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button