بین ریاستی خبریں

لکش دیپ کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی تجویزکیرالہ اسمبلی میں منظور وزیراعلی نے زعفرانی ایجنڈہ مسلط کرنے کی کوشش قراردیا

تریوننت پورم:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)کیرالہ اسمبلی نے لکش دیپ کی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی ہے۔ اس تجویز میں جزیرے کے منتظم پرفل پٹیل کو واپس بلانے کا مطالبہ کیا گیا ہے اور مرکز سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ جزیرے کے لوگوں کی جان ومال کے تحفظ کے لئے فوری مداخلت کرے۔ ساتھ ہی کیرالہ ملک کی پہلی ریاست بن گئی ہے جس نے مرکزی خطے میں حالیہ پیشرفت کولے کر لوگوں کی حمایت کرنے والی ایک قرارداد منظور کی۔

مقامی لوگ بحیرہ عرب میں واقع لکش دیپ میں پٹیل کے حالیہ اقدامات اور انتظامی اصلاحات کی مخالفت کر رہے ہیں۔کیرالہ کے وزیر اعلی پنارائی وجین نے حکومتی تجویز پیش کی، جو 15 ویں اسمبلی میں اس طرح کی پہلی قرارداد ہے۔ انہوں نے کیرالہ اور لکش دیپ کی عوام کے مابین تاریخی اور ثقافتی رشتوں کو یاد کیا اور مرکز کی وہاں قدرتی جمہوریت کو ختم کرنے کی مبینہ کوشش کی مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ لکش دیپ کا مستقبل لمحہ فکریہ ہے اور اس کے منفرد اور مقامی طرز زندگی کو کمزور کرنا ناقابل قبول ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپیل کی کہ آئینی اقدار کو برقرار رکھنے کی حمایت کرنے والے لکش دیپ کے ایڈمنسٹریٹر کے اقدامات کی سختی سے مخالفت کریں۔اپنے سیاسی اختلافات کو نظرانداز کرتے ہوئے حکمراں سی پی آئی (ایم) کی زیرقیادت بائیں جمہوری محاذ (ایل ڈی ایف) اور کانگریس کی زیرقیادت یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (یو ڈی ایف) کے اراکین نے متفقہ طور پر اس تجویز کی حمایت کی۔

یو ڈی ایف نے اس میں کچھ ترمیم کی تجویز پیش کی۔اس تجویز میں کہا گیا ہے کہ لکش دیپ میں مقامی طرز زندگی اور ماحولیاتی نظام کو ختم کرکے زعفرانی ایجنڈہ اور کارپوریٹ مفادات مسلط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ جزیرے میں جرائم کی شرح غیر معمولی طور پر کم ہے، اس کے باوجود،غنڈہ قانون کے نفاذ کے لئے اقدامات کئے گئے۔ اس تجویز میں کہا گیا ہے کہ حکام ماہی گیری جیسے روزی روٹی کے روایتی ذرائع کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button