بین ریاستی خبریں

امرتسر میں نوجوت سنگھ سدھو کی گمشدگی کے لگائے گئے پوسٹر

امرتسر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ان دنوں پنجاب کی امرتسر ایسٹ کی نشست سے کانگریس ایم ایل اے نوجوت سنگھ سدھو خبروں میں ہیں۔ ابھی کل ہی وہ دہلی میں اسمبلی انتخابات سے قبل ریاستی اکائی میںتنازع کے حل کے لئے قائم پارٹی کی تین رکنی کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے تھے، اس کے محض ایک دن بعد ہی ان کے انتخابی حلقے میں ان کے لاپتہ ہونے کے پوسٹر چسپاں نظر آرہے ہیں ۔

سدھو کی تصویر والے پوسٹروں میں پتہ لگانے والے کیلئے 50000 روپ کے انعام کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ بدھ کی صبح امرتسر ایسٹ اسمبلی حلقہ کے رسول پور علاقہ میں درجنوں مکانات کی دیواروں اور بجلی کے کھمبوں پر پوسٹر چسپاں نظر آئے ۔ تاہم دیہی باشندوں کا کہنا ہے کہ ان کا اس معاملے سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ مقامی طور پر این جی او چلانے والے انیل وشسٹھ نے پوسٹروں کی ذمہ داری لیتے ہوئے کہا کہ سدھو کا اسمبلی حلقہ کچرے سے بھرا ہوا ہے،لوگ یہاں ’’نرک‘‘ میں جی رہے ہیں۔

جب سے کرونا لاک ڈاؤن عائد کیا گیا ہے ،تب سے ان کے حلقے کے عوام نے ا نہیں نہیں دیکھا ہے۔ انہوں نے کہاکہ امرتسر کے لوگوں نے انہیں پہلے ایم پی اور پھر ایم ایل اے بنایا ، لیکن انہوں نے اس شہر کے لئے کچھ نہیں کیا۔ جب وہ امرتسر سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تو نوجوانوں کو ان سے توقعات وابستہ تھیں، مقامی لوگ شکایت کرتے رہے ہیں کہ سدھو نے کبھی بھی ان کی بات سننے اور ان کی شکایات کو دور کرنے کی زحمت نہیں کی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button