قومی خبریں

کیرالہ بجٹ: حکومت نے 20000 کروڑ کے دوسرے کورونا پیکیج کا اعلان کیا مفت ٹیکہ لگانے کی بھی تجویزمنظور

تریوننت پورم:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)کیرالہ کے وزیر خزانہ کے این بال گوپال نے آج اسمبلی میں وزیر اعلی پنارائی وجین کی دوسری حکومت کا پہلا بجٹ پیش کیا۔ ریاستی حکومت نے کووڈ19 کی دوسری لہر سے پیدا ہونے والے بحران سے نمٹنے کے لئے 20000 کروڑ روپے کے پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ مالی پیکیج کے علاوہ انہوں نے 18 سال سے زیادہ عمر کے تمام افراد کو مفت ٹیکہ لگانے کے لئے ایک ہزار کروڑ روپئے دینے کا بھی اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ مفت ٹیکے لگانے کے لئے ضروری سامان اور سہولیات کو یقینی بنانے کے لئے 500 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ حکومت نے پہلے بھی 20000 کروڑ روپے مختص کئے تھے، جو مکمل طور پرعالمی وبائی بیماری سے نمٹنے کے لئے استعمال ہوا تھا۔ اب کووڈ19 کے لئے مزید 20000 کروڑ کے پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے۔وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ نیا بجٹ سب کے لئے صحت اور خوراک کو یقینی بنائے گا۔

عالمی وبائی امراض کے اثرات کو کم کرنے اور ریاست میں انفیکشن کی کوئی تیسری لہر نہ ہونے کو یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ہم عالمی وبا کی تیسری لہر پر تبادلہ خیال کریں گے۔ موجودہ صحت کی ہنگامی حالت ریاست کی ترقی کے امکانات کیلئے ایک چیلنج ہے۔بجٹ میں ساحلی علاقوں کے لئے بحالی پیکیج کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔

حالیہ سمندری دخل اندازی اور لگاتار بارش کی وجہ سے ساحلی علاقوں میں بہت تباہی ہوئی ہے۔ بال گوپال نے سابق وزیر خزانہ ٹی ایم تھامس اسحاق کی طرف سے 15 جنوری کو پیش کئے جانے والے مکمل بجٹ میں کچھ ضروری تبدیلیوں کے ساتھ 2021-22 کے مالی سال کا ایک نظر ثانی شدہ بجٹ پیش کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button