
نئی دہلی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)بہار کے آر جے ڈی کے سابق ممبر پارلیمنٹ مرحوم شہاب الدین اپنی موت کے بعد بھی سرخیوں میں ہیں۔ تازہ معاملہ دہلی میں ا ن کی قبر کو پختہ قبر بنائے جانے سے پولیس کا ر کوانا ہے۔ خیال رہے کہ سابق رکن پارلیمنٹ شہاب الدین گذشتہ ماہ دہلی کے ایک اسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔ انہیں کورونا متأثر ہ ہونے کے بعد علاج کے لئے داخل کیا گیا تھا۔ اطلاع کے مطابق آج دہلی پولیس نے پرانی دہلی کے دہلی گیٹ کے علاقہ میں واقع قبرستان میں مرحوم شہاب الدین کی پختہ قبر بنانے کا کام روک دیا۔
پولیس کے مطابق شہاب الدین کی قبر پختہ کی جارہی تھیں، جس کے لئے سیمنٹ کے ستون تیار کئے جارہے تھے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ قبرستان کے ضابطہ کے مطابق کسی بھی شخص کی قبر کو پختہ نہیں کیا جاسکتا۔وہیں سابق ممبر پارلیمنٹ مرحوم شہاب الدین کی پختہ قبر بنانے کے معاملے پرقبرستان کمیٹی کا بیان بھی سامنے آگیا ہے۔ کمیٹی نے واضح کیا کہ پختہ قبر بنائے جانے کے لئے تیار کیے جارہے سیمنٹ کے ستون ہٹادیئے گئے ہیں۔
کمیٹی نے یہ بھی کہا کہ اسلام میں مذہبی طور پر پختہ قبر بنانا درست نہیں ہے۔واضح ہو کہ گذشتہ ماہ یکم مئی کو مرحوم شہاب الدین کی موت کے بعد ان کی لاش آبائی وطن سیوان لے جانے کے حوالے سے سیاسی بیان بازی ہوئی تھی، ان کے لواحقین ان کی لاش سیوان لے جانے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ تو وہیں سیاسی مخالفین کاایک معروف طبقہ ان کی لاش دہلی میں ہی دفن کرنے پر بضد تھا۔
اس تعلق سے آر جے ڈی کے اعلیٰ رہنماؤں اور شہاب الدین کے اہل خانہ کے بیانات بھی آچکے ہیں۔ آخر کار ان کی لاش دہلی گیٹ قبرستان ہی میں سپرد خاک کردیا گیا۔رکن پارلیمنٹ مرحوم شہاب الدین کی وفات کے بعد آنے والے دنوں میں ایک بار پھرسطحی سیاست دیکھی جاسکتی ہے، کیوں کہ ان کی پختہ قبربنائے جانے سے روک دیا گیا ہے ۔



