قومی خبریں

2006 کے کشتی حادثے کی تصویر واٹس ایپ پرلگانے کی وجہ سے رپورٹر کے خلاف مقدمہ درج

سری نگر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)جموں وکشمیر پولیس نے تقریباً15 سال قبل ہوئے ایک حادثے سے متعلق واٹس ایپ اسٹیٹس لگانے والے ایک صحافی کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ باندی پورہ ضلع میں ایک مقامی خبر رساں ایجنسی میں کام کرنے والے 23 سالہ نوجوان رپورٹر ساجد رینا نے 2006 میں کشتی حادثے میں ہلاک ہونے والے بچوں کی تصویر کو اپنا واٹس ایپ اسٹیٹس بنایا تھا ۔
ان پر امن وامان میں خلل ڈالنے اور خوف و فسادات برپاکرنے کی کوشش کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ 2006 میں  اولر جھیل میں کشتی پلٹنے سے سے 20 بچوں کی موت ہوگئی تھی۔رینا کا کہنا ہے کہ میں نے پولیس سے اپنے خلاف درج مقدمہ واپس لینے کی درخواست کی تھی۔ یہ صرف واٹس ایپ اسٹیٹس تھا ان 20 بچوں کو یاد کرنے کے لیے جو حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔
اس پوسٹ کے لئے پولیس نے میرے خلاف ایف آئی آر درج کردی ہے ،پولیس نے 23 سالہ رپورٹر کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا دفاع کیا ہے۔ یہ بھی دعوی کیا کہ یہ کیس صحافیوں کے خلاف نہیں ہے۔4 جون کو ایک ٹویٹ میں پولیس نے لکھا کہ باندی پورہ پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر نمبر 84/2021 کے تحت 30-05-2021کو واٹس ایپ اسٹیٹس سے متعلق ایک شخص ساجد رینا کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے ،
جس کے تحت اس کے پیچھے کی منشا کی تحقیقات کی جائے گی۔ رینا نے کہا کہ مقدمہ درج ہونے کے بعد انہیں دو بار پوچھ گچھ کے لئے بلایا گیا تھا۔ میں نے پولیس کیس سے بچنے کے لیے اپنی پوسٹ کو حذف کردیا تھا۔
انہوں نے کہاکہ باندی پورہ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ نے مجھے یقین دلایا ہے کہ اس کیس کو واپس لے لیا جائے گا۔مجھے یقین ہے کہ پولیس میرے ساتھ انصاف کرے گی اور ایف آئی آر واپس لے گی۔ انہیں میرے مستقبل اور میرے پیشے کے بارے میں سوچنا چاہئے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button