گرگاؤں:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ہریانہ گرگاؤں کے ضلع جھاجر سے تعلق رکھنے والی دو لڑکیوں نے سوہا میں واقع ایک مندر میں شادی کرلی ۔ پولیس کے مطابق گرگاؤں کے پٹوڈی علاقہ کی ساکنہ 20سالہ لڑکی جھاجر کی 19 سالہ لڑکی کے ساتھ جھاجر اسکول میں تعلیم کے دوران دوستی ہوگئی تھی اور یہ دوستی گذشتہ سال سے جاری تھی ۔ تاہم ان دو لڑکیوں نے جمعہ کے روز اپنی باہمی رضامندی کے بعد ہندو رسم و رواج کے مطابق سوہانہ میں واقع ایک مندر میں شادی کرلی ۔
جس میں گرگاؤں کے پٹوڈی علاقہ کی لڑکی بیوی جبکہ جھاجر کی لڑکی شوہر بنے ہیں ۔ ان دو لڑکیوں نے شادی سے قبل اپنے والدین کو شادی سے متعلق آگاہ کروایا تو انہیں اس طرح کی حرکت سے منع کیا گیا تھا جس کے بعد پٹوڈی حلقہ سے لڑکی لاپتہ ہوگئی جس پر ان کے والد نے دس یوم قبل پولیس میں شکایت درج کروائی تھی جس کے بعد پولیس نے لاپتہ لڑکی کو برآمد کرنے پر اس نے اپنی دوست لڑکی کے ساتھ شادی کرنے کا انکشاف کیا ہے ۔
اس دوران مہیش کمار انچارج پولیس چوکی نے بتایا کہ مذکورہ دونوں لڑکیوں کو ہفتہ کے روز پٹوڈی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا تو لڑکیوں نے عدالت کو بتایا کہ وہ بالغ ہیں اور اپنے عہد کے پابند رہتے ہوئے مندر میں شادی کرلی ہیں ۔



