قومی خبریں

آرہ: بیگ تاجر قتل کیس میں خورشید قریشی سمیت 10 افراد کوملی سزائے موت

آرہ ؍پٹنہ:(اردودنیا/ایجنسیاں)آرہ سول کورٹ نے نامور بیگ تاجر عمران قتل کیس کے 10 ملزمان کو سزائے موت سنائی ہے۔ عدالت نے ملزمان پر ایک لاکھ روپے کی مالی جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ آرہ کے اے ڈی جے منوج کمار کی عدالت نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ یہ سزا سنائی ۔ واضح ہو کہ تقریبا ًتین سال قبل 6 دسمبر 2018 کوخورشید قریشی اور اس کے حامیوں نے آرہ کے ٹاؤن تھانے کے علاقے میں چتراتولی روڈ پر دھرمن چوک پراپنی دکان پر بیٹھے ایک بیگ تاجر عمران کو دن دہاڑے گولی مار کر ہلاک کردیاتھا۔

۱۰؍لاکھ روپے کی رنگداری کیلئے اس سنسنی خیز قتل کے دوران عمران کا بھائی وکیل میاں اور دوکان کے قریب کام کرنے والا بی ایس این ایل ملازم بھی شدید زخمی ہو گیا تھا۔کہا جاتا ہے کہ خورشید نے عمران کو بہت ہی قریب سے گولی مار ی تھی۔ شہر کے ایک گنجان علاقہ میں تاجر عمران کے قتل کے بعد افراتفری مچ گئی تھی،

پورے شہر میں اس قتل سے اشتعال پیدا ہوگیا ، جس کے بعد زبردست ہنگامہ آرائی ہوئی۔ اس سنسنی خیز قتل کے بعد قتل و غارت گری کا ایک سلسلہ شروع ہوا اورانتقام کا سلسلہ بھی شروع ہوا، جس میں خورشید قریشی کے چھوٹے بھائی سونو قریشی کوبے دردی سے گولی مار کر ہلاک کردیا گیا۔

وہیں خورشید گینگ کے لوگوں نے ٹاؤن تھانے کے علاقے میں بیگ تاجر عمران کے گھر میں گھس کر بعد عمران قریشی کی بہن شبنم تارا کو گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔ قتل و غارت کے اس خونی دور کے بعد پولیس کو خورشید قریشی کی گرفتاری کے لئے کافی جدوجہد کرنا پڑی۔

ڈھائی سال سے زیادہ وقفے کے بعداس سنسنی خیز قتل کیس میں آرہ اے ڈی جے عدالت نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے قتل کے مرکزی ملزم خورشید قریشی اور اس کے بھائی عبداللہ قریشی سمیت تمام 10 ملزمان کو سزائے موت سنائی ہے۔

کیس کی سماعت کے دوران تمام ملزمان عدالت کے سامنے پیش ہوئے ، اس دوران دفاعی وکیل بھوونیشور تیواری ، امت کمار گپتا ، شیوجی سنگھ اور سرکاری وکیل ناگیندر سنگھ بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button