
مزید رعایتوں کا امکان ، محکمہ صحت کی رپورٹ کی بنیاد پرعنقریب فیصلہ،تھیٹرس اور جمنازیم کو اجازت ممکن
تلنگانہ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)تلنگانہ میں کورونا صورتحال میں بہتری کو دیکھتے ہوئے حکومت لاک ڈاون میں مزید رعایتوں کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق 19 جون کے بعد نائیٹ کرفیو مزید 10 دن کیلئے جاری رہے گا جبکہ تھیٹرس ، جمنازیم اور بارس کھولنے کی اجازت دی جاسکتی ہے ۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے محکمہ صحت سے رپورٹ طلب کی جس کی بنیاد پر 17 یا 18 جون کو چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ عہدیداروں سے مشاورت کرکے لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کا فیصلہ کریں گے۔
جاریہ لاک ڈاؤن کی مدت 19 جون کو ختم ہورہی ہے۔ تاہم 19 جون کے بعد بتایا جاتا ہے کہ حکومت رات 9 بجے سے صبح 5 بجے تک نائیٹ کرفیو آئندہ 10 دن برقرار رکھے گی۔ اگر جون کے اواخر تک کورونا صورتحال مزید بہتر ہوتی ہے تو جولائی سے نائیٹ کرفیو بھی برخواست کیا جائیگا ۔ اس طرح جولائی میں لاک ڈاؤن یا نائیٹ کرفیو سے عوام کو نجات مل سکتی ہے ۔ نئی دہلی و دیگر ریاستوں میں لاک ڈاؤن میں نرمی پر حکومت نظر رکھے ہوئے ہے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ تلنگانہ میں کورونا کیس پوری طرح قابو میں ہیں ۔
نلگنڈہ و کھمم کے چند علاقوں کو چھوڑ کر ریاست بھر میں صورتحال قابو میں ہے۔ امکان ہے کہ نلگنڈہ اور کھمم کے متاثرہ علاقوں میں مزید کچھ عرصہ لاک ڈاؤن کو برقرار رکھا جائے گا ۔ ریاست میں صبح 6 تا شام 6 بجے نرمی کے دوران سرکاری اورخانگی اداروں کی سرگرمیاں تقریباً بحال ہوچکی ہیں۔ تجارتی سرگرمیوںکی مکمل بحالی کیلئے نرمی کے اوقات میں اضافہ ضروری ہے ، لہذا حکومت 19 جون کے بعد نرمی کے اوقات میں رات 9 بجے تک توسیع پر غور کر رہی ہے۔ جس طرح دیگر ریاستوں میں تھیٹرس ، بارس اور جمنازیم کی سرگرمیوں کی اجازت دی گئی ، اسی طرح تلنگانہ حکومت پر بھی دباؤ برقرار ہے۔
توقع ہے کہ 19 جون کے بعد کئی شعبوں کیلئے رعایتوں کا اعلان ہوگا ۔ رات 9 بجے سے کرفیو پر عبادتگاہوں کو بھی کھولنے کی اجازت دی جاسکتی ہے ۔ اس کے علاوہ شادی تقاریب میں مہمانوں کی تعداد پر امتناع بھی ختم کئے جانے کا امکان ہے ۔ ریاست میں کورونا پازیٹیو شرح کے علاوہ ریکوری کی شرح میں بہتری ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ تلنگانہ میں 20 اپریل سے نائیٹ کرفیو کا آغاز ہوا تھا جبکہ مئی میں لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا۔



