
دہلی فسادات معاملے میں کارکنوں کو ضمانت دیتے ہوئے ہائی کورٹ نے کہا: احتجاج کرنا دہشت گردی نہیں
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن)دہلی ہائیکورٹ نے دہلی فسادات معاملے میں دیونگانہ کلیتا ، نتاشا نارووال اور جامعہ کے طالب علم آصف اقبال تنہا کی ضمانت منظور کرلی ہے۔ انہیں گذشتہ سال شمال مشرقی دہلی تشدد کیس میں یو اے پی اے ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔ان کو ضمانت دیتے ہوئے ہائی کورٹ نے کہاکہ احتجاج کرنا دہشت گردی نہیں ہے۔ضمانت اس بنیاد پر دی گئی ہے کہ وہ اپنا پاسپورٹ جمع کریں گے اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہیں ہوں گے جس سے تفتیش کسی بھی طرح متاثر ہوسکتی ہو۔
واضح ہو کہ نتاشا نارووال اور دیونگانہ کالیتا دہلی میں قائم خواتین حقوق گروپ ’پنجرہ ٹوڑ‘ کی رکن ہیں جبکہ آصف جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طالب علم ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ فروری 2020 میں دہلی میں ہونے والے تشدد میں 50 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔ تشدد کے دوران متعدد دکانوں کو نذر آتش کیا گیاتھا اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچا۔ یہ تشدد متنازعہ شہریت قانون پر ہوا۔



