ہمیر پور،22جون(اردودنیا/ایجنسیاں)اترپردیش کے ضلع ہمیر پور میں نجی مکان کی تعمیر کے لئے کھدائی کے دوران 1800 میں ملکہ وکٹوریہ کے برطانوی دور کے 9 چاندی کے سکے دریافت ہوئے ہیں۔ اس کا چرچا ہونے پر پولیس کو بھی اطلاع ملی ، جس کے بعدپولس پہنچ کر تمام 9 سکوں کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔
سی او ،روی پرکاش سنگھ کے مطابق تمام سکوں کو تحویل میں لے لیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ سکے محکمہ آثار قدیمہ کو جانچ کے لئے بھیجا جائے گا۔واضح ہو کہ اس سے قبل بھی ہمیر پور میں کھدائیوں میں کئی قدیم اشیاء پائی گئی تھیں۔ یہ معاملہ ضلع ہمیر پور کے قصبہ مودہا کے محلہ مغربی تروس کا ہے۔ ایوب خان نامی شخص کا یہاں ایک طویل مدت سے ایک پلاٹ ہے ، جس میں انہوں نے تعمیر کا ٹھیکہ فریدنامی ٹھیکیدار کو دیا تھا۔
اس پلاٹ میں کھدائی کرتے وقت وکٹورین عہد کے چاندی کے نو سکے ملے۔ ٹھیکیدار فرید نے پلاٹ کے مالک ایوب کو آگاہ کیا ، جس کے بعد پلاٹ کی کھدائی کا کام روک دیاگیا۔اسی دوران قصبے میں پلاٹ میں کھدائی کے دوران چاندی کے سکے ملنے کی خبر پھیلی۔ اطلاع ملتے ہی سی او روی پرکاش سنگھ گاؤں پہنچ گئے۔ سی او نے دریافت شدہ نو سکے حاصل کرلئے ہیں ، اب یہ سکے محکمہ آثار قدیمہ کو بھیجے جائیں گے ۔



