بین ریاستی خبریںسرورق

نصرت جہاں کا رویہ غیر اخلاقی، لوک سبھا رکنیت منسوخ کی جائے: بی جے پی ممبرپارلیمنٹ کا مطالبہ

نئی دہلی، 22 جون (اردودنیا/ایجنسیاں)یوپی کے بدایوں سے رکن پارلیمنٹ سنگھ مترا موریہ نے ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ نصرت جہاں کی لوک سبھا کی رکنیت منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ سنگھ مترا نے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کو ایک مکتوب ارسال کرتے ہوئے کہا کہ ان کا رویہ غیر اخلاقی ہے۔خط کے ذریعے سنگھ مترا موریہ نے الزام عائد کیا کہ شادی کے سلسلہ میں نصرت جہاں نے ووٹروں کو دھوکہ میں رکھا، اس سے پارلیمنٹ کا وقار مجروح ہوا ہے۔

نیز اس معاملہ کو پارلیمنٹ کی اخلاقی کمیٹی کے پاس بھیج کر جانچ کرانی چاہیے اور ان پر کارروائی کی جانی چاہئے۔اس خط میں انہوں نے ترنمول کانگریس کی لوک سبھا پروفائل بھی منسلک کی ہے، جس میں انہوں نے اپنے شوہر کا نام نکھل جین ظاہر کیا ہے۔ خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ نصرت جہاں نے 25 جون 2019 کو اپنی حلف برداری تقریب میں اپنا پورا نام نصرت جہاں روحی جین بتایا تھا اور انہوں نو شادی شدہ کا لباس زیب تن کیا ہوا تھا۔

اگر میڈیا رپورٹوں پر یقین کریں تو وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی بذات خود ان کی شادی کی تقریب میں شریک ہوئی تھیں۔بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ نے مزید کہاکہ جب نصرت کے ایک غیر مسلم سے شادی کرنے اور سندور لگانے پر قدامت پسندوں کے ایک گروپ نے انہیں نشانہ بنایا تھا تو پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ نے ان کا دفاع کیا تھا۔

سنگھ مترا نے کہا کہ نصرت کی ذاتی زندگی میں مداخلت کرنے کا کسی کو حق نہیں ہے لیکن ان کا شادی کے تعلق سے حالیہ بیان یہ ثابت کرتا ہے کہ انہوں نے دانستہ طور پر غلط معلومات دی ہے اور ووٹروں کو دھوکہ میں رکھا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button