رافیل معاہدے (Rafale deal ) کولے کرکانگریس کا مرکز پر نشانہ ، راہل گاندھی نے کہا ’چور کی داڑھی‘
نئی دہلی، 3 جولائی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)رافیل لڑاکا طیارے کے معاہدے کا جن ایک بار پھر باہرآگیا ہے اور اس کولے کر سیاست شروع ہوگئی ہے۔ کانگریس نے رافیل معاہدے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ دراصل فرانس میں رافیل لڑاکا طیارے کے معاہدے (Rafale deal ) کی تحقیقات کے لئے ایک جج مقرر کیا گیا ہے۔ ادھر کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے نشانہ لگایا ہے۔راہل گاندھی نے اپنے ٹویٹ میں رافیل اسکیم ہیش ٹیگ کا استعمال کرتے ہوئے لکھا’چور کی داڑھی‘۔
اس سے قبل کانگریس نے اس معاہدے کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔ کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے کہا کہ فرانس میں بدعنوانی کے ابتدائی الزامات عیاں ہوچکے ہیں، اس لئے حکومت مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے ذریعہ اس معاملے کی تحقیقات کیوں نہیں کراتی ہے؟۔
انہوں نے سوال کیا کہ اگر دال میں کچھ کالا نہیں ہے تو پھر حکومت تحقیقات سے کیوں ڈررہی ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملکی سلامتی سے متعلق معاملہ ہے،اس لئے جے پی سی کو اس کی تحقیقات کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی سے پاک گورننس دینا حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان اور فرانس کے مابین 36 رافیل لڑاکا طیاروں کے لئے معاہدہ ہوا تھا۔ یہ معاہدہ حکومت ہند اور دی سالٹ ایوی ایشن کے مابین ہوا تھا۔ کانگریس مسلسل اس معاہدے کولے کر حکومت پر الزامات عائد کرتی رہی ہے۔



