
کوالالمپور ، 19جولائی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ملائیشیا کے سابق وزیراعظم #مہاتیر محمد (Former Prime Minister of Malaysia Mahathir Mohamad)نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ #فلسطینیوں کی مدد کرے اور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ریاست کے جرائم کی مذمت کی جائے۔ملائیشن ذرائع ابلاغ کے مطابق سابق وزیراعظم مہاتیر محمد نے کہا کہ #فلسطینی قوم 73 سال سے ظلم کا شکار ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ دنیا فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہوجائے اور اسرائیلی ریاست کے جرائم اور مظالم کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کی طرف سے #اسرائیلی #ریاست کے انسانیت کے خلاف جرائم پر مواخذہ نہ ہونے کے نتیجے میں #صہیونی #ریاست کے جرائم اور مظالم مزید بڑھ گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنی زندگی میں صہیونی ریاست کے نسل پرستانہ وڑن کو زوال پذیر ہوتا دیکھ رہے ہیں ۔مہاتیر محمد کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کیخلاف جو کچھ ہو رہا ہے وہ مغربی جمہوریت کے ماتھے پر بدنما داغ ہے۔
انہوں نے عالمی برادری سے فلسطینیوں کے حوالے سے دہرا معیار ترک کرنے کا مطالبہ کیا۔سابق ملائیشن وزیراعظم نے کہا کہ ہم فلسطینیوں کو ان کے حال پر نہیں چھوڑ سکتے۔ ہمیں فلسطینیوں کو انصاف فراہم کرنے کے لیے تحریک کو متحرک کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی مہاجرین کو اپنے علاقوں میں واپس جانے کا حق حاصل ہے۔ اسرائیل نے طاقت کے ذریعہ ان کے حق واپسی کو دبا رکھا ہے۔



