
مدھیہ پردیش میں چھٹی جماعت کے طالب علم نے آن لائن گیمز میں 40 ہزار ہارنے کے بعد خودکشی کرلی
نئی دہلی،31؍جولائی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مدھیہ پردیش میں آن لائن گیمز کے برے اثرات کا ایک افسوسناک معاملہ سامنے آیا ہے۔ ایک چھٹی جماعت کے طالب علم نے آن لائن گیم میں 40 ہزار روپئے ہارنے کے بعد خودکشی کرلی۔ کوئی سوچ بھی نہیں سکتا کہ وہ صرف 13 سال کی عمر میں ایسا مہلک قدم اٹھائے گا۔ یہ واقعہ مدھیہ پردیش کے چھتر پور ضلع کا ہے۔ چھتر پور کے ایس پی سچن شرما نے بتایا کہ نوجوان آن لائن گیم میں مسلسل پیسے لگا رہا تھا، جس کی وجہ سے وہ #ڈپریشن میں چلا گیا۔
جمعہ کے روز وہ ایک آن لائن گیم کھیل رہا تھا جس میں اس دن اس نے اپنی ماں کے اکاؤنٹ سے 40 ہزار روپئے ہار گیا۔ پولیس نے ایک سوسائڈ نوٹ بھی برآمد کیا جس میں اس نے اپنے والدین سے پیسے ہارنے پر معافی مانگی ہے۔شرما نے بتایا کہ نابالغ لڑکے کے والد ایک پیتھالوجی لیب چلاتے ہیں جبکہ اس کی ماں ضلع اسپتال کی پیتھالوجی لیب میں کام کرتی ہے۔
جمعہ کو جب اس کی ماں اسپتال میں تھی، اسے موبائل پر پیغام ملا کہ اس کے اکاؤنٹ سے 1500 روپئے کاٹ لیے گئے ہیں۔ ماں کو پتہ چلتا ہے کہ بیٹا آن لائن گیم میں پیسے ہار چکا ہے۔ اس نے فون پر #بیٹے کو ڈانٹا۔ اس کے بعد لڑکا اپنے کمرے میں گیا اور پھانسی لگالی۔ لڑکے کی بڑی بہن نے پہلے اسے دیکھا، جس کے بعد اس نے والدین کو اطلاع دی۔
نوجوان کو اسپتال لے جایا گیا جہاں #ڈاکٹروں نے اسے #مردہ قرار دے دیا۔ پولیس اس بات کی تفتیش کر رہی ہے کہ آیا نوجوان نے آن لائن #گیم میں ہارنے کے بعد واقعی یہ قدم اٹھایا تھا یا کسی نے پیسے کے لیے اسے دھمکی دی تھی۔



