اسلام آباد:(ویب ڈیسک) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے مسافر طیارے کو ملائیشین حکام نے قبضے میں لے لیا ہے۔پی آئی اے کا یہ طیارہ جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب اپنی معمول کی پرواز پر کوالالمپور پہنچا تھا جہاں سے اس نے واپس پاکستان کے لیے روانہ ہونا تھا۔پرواز کے لیے مسافروں کی بورڈنگ کا عمل جاری تھا کہ اچانک مقامی حکام کی طرف سے ایئرلائن کو آگاہ کیا گیا کہ عدالتی حکم پر پاکستان کے جہاز کو قبضے میں لے لیا جا رہا ہے۔
پی آئی اے کا کہنا ہے کہ جس جہاز کو قبضے میں لیا گیا ہے اس سے متعلق ایک کیس برطانیہ کی عدالت میں زیرِ التوا تھا اور اسی کیس میں ملائیشیا کی عدالت سے یک طرفہ طور پر فریقِ ثانی نے فیصلہ حاصل کر کے طیارے کو قبضہ میں لیا ہے۔حکام کے مطابق سفارتی سطح پر معاملے کو حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ پی آئی اے نے 12 برس قبل لیزنگ کمپنی پیری گرین سے بوئنگ 777 طیارہ لیز پر حاصل کیا تھا۔ بعدازاں ادائیگیوں کے معاملے پر فریقین کے درمیان تنازعہ چلا آ رہا تھا۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پیری گرین اور پی آئی اے کے درمیان 14 ملین ڈالر کا تنازع ہے جس کی وجہ سے جہاز کو تحویل میں لیا گیا ہے۔




