
افغانستان سے مہاجرین کا مسئلہ سب سے زیادہ ترکی اور ایران کو متاثر کر رہا ہے: مصطفیٰ شین توپ
انقرہ ،06؍اگست:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ترکی قومی اسمبلی کےاسپیکر مصطفیٰ شین توپ (Mustafa Sentop) نے کہا ہے کہ افغانستان سے ہجرت کا مسئلہ سب سے زیادہ ترکی اور ایران کو متاثر کر رہا ہے۔ #مصطفیٰ #شین #توپ، ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے تہران کے دورے پر ہیں۔ تہران میں انہوں نے اپنے ایرانی ہم منصب محمد باقر قالیباف کے ساتھ ملاقات کی۔
مذاکرات میں افغانستان کے حالات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ افغانستان میں سیاسی عدم استحکام اور مہاجرین کا مسئلہ تمام مسلمان ممالک کا مشترکہ مسئلہ ہے۔ یہ مسئلہ سب سے زیادہ #ترکی اور #ایران کو متاثر کر رہا ہے۔ افغانستان میں قیام استحکام اور ہجرت کا سدباب کرنے کے لئے ہمیں باہمی تعاون میں اضافہ کرنا چاہیے۔
بین الپارلیمانی تعلقات کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے مصطفیٰ شین توپ نے کہا ہے کہ بین الاقوامی پارلیمانی بنیادوں پر بھی ہم ایک دوسرے کے شانہ بشانہ ہیں۔ پی کے کے #دہشت گرد تنظیم ایک علاقائی خطرہ ہے۔ اس حوالے سے ہمیں دہشت گرد تنظیموں کے خلاف باہمی تعاون کو مزید فروغ دینا چاہیے۔ایران کے اسمبلی #اسپیکر قالیباف نے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب کے بعد ہمیں بین الپارلیمانی #تعلقات کو مزید آگے لے کر جانا چاہیے۔













