نئی دہلی،8اگست:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے آندھرا پردیش ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے #ججوں کے خلاف #سوشل میڈیا پر ہتک آمیز مواد شائع کرنے کے الزام میں پانچ افراد کو #گرفتار کیا ہے۔ حکام نے اتوار کو یہ معلومات دی۔عہدیداروں نے بتایا کہ وائی ایس آر کانگریس کے لوک سبھا رکن نندی گام سریش اور اسی #پارٹی کے ایک اور لیڈر امانچی کرشنا موہن کے کردار کی تفتیش جاری ہے اور ایجنسی نے ان دونوں سے ایک بڑی سازش کا پتہ لگانے کی کوشش میں پوچھ گچھ کی ہے۔
سی بی آئی کے ترجمان آر سی جوشی نے کہاکہ کسی بھی بڑی سازش کا پتہ لگانے کیلئے سی بی آئی نے ایک ایم پی، ایک سابق ایم ایل اے سمیت کچھ لوگوں سے پوچھ گچھ کی ہے اور کچھ دیگر کے کردار کی بھی تحقیقات کر رہی ہے، جن کے نام ایف آئی آر میں درج ہیں۔ایجنسی نے ہفتہ کے روز #آندھراپردیش سے دو لوگوں پٹاپو آدرش اور ایل سمبا شیوا ریڈی کو گرفتار کیا تھا۔
حکام نے بتایا کہ اس سے قبل سی بی آئی نے دھامی ریڈی کونڈا ریڈی اور پامولا سدھیر کو 28 جولائی کو گرفتار کیا تھا جبکہ کویت کے رہنے والے لنگاریڈی راج #شیکھرریڈی کو 9 جولائی کو ان کی ہندوستان آمد پر گرفتار کیا گیا تھا۔ایک عہدیدار نے کہاکہ ایجنسی اس کی نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے تھی۔ جیسے ہی وہ ہندوستان پہنچا، حکام نے اسے اپنی تحویل میں لے لیا۔
سی بی آئی نے ججوں کے خلاف مبینہ طور پر توہین آمیز پوسٹ کرنے کے الزام میں 16 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ ایجنسی نے اس معاملے میں گرفتاریاں کی ہیں۔آندھرا پردیش ہائی کورٹ نے ایجنسی سے کہا تھا کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کرے اور اس کو رپورٹ سیل بند کور میں پیش کرے۔
جوشی نے کہاکہ الزام ہے کہ ملزمان نے جان بوجھ کر ججوں اور عدلیہ کے خلاف سوشل میڈیا پر توہین آمیز پوسٹ کرکے عدلیہ کو نشانہ بنایاتھا۔ یہ آندھرا پردیش ہائی کورٹ کے ججوں کے بعض #فیصلوں کے بعد کیا گیاتھا۔



