علی گڑھ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلباء نے صد سالہ پر جاری ہونے والے #یونیورسٹی کے گزٹ میں #وزیراعظم نریندر مودی کی تصاویر ڈالنے پر اعتراضات کئے ہیں۔ یونیورسٹی کے طلباء تقریباً ایک ہفتہ سے اس کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ طلبا کا کہنا ہے کہ گزٹ میں نریندر مودی کی تصویر شائع کر کے یونیورسٹی کے بانی #سرسید احمد خان کی توہین کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ طلباء نے گزٹ میں اردو سیکشن کو نظر انداز کرنے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔ اس معاملے میں طلباء نے یونیورسٹی انتظامیہ کو خط لکھ کر احتجاج درج کرایا ہے۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے سال 2020 میں اپنے 100 سال مکمل کیے ہیں اور اس سال کو صد سالہ کے طور پر منایا گیا تھا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے صد سالہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کیا تھا۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے علاوہ اس وقت کے وزیر تعلیم رمیش پوکھریال نشنک نے بھی اس تقریب سے خطاب کیا تھا۔ نریندر مودی دوسرے وزیراعظم ہیں جنہوں نے اے ایم یو کی کسی تقریب سے خطاب کیا۔ اس سے قبل 1964 میں وزیر اعظم لال بہادر شاستری نے خطاب کیا تھا۔
جس گزٹ پر تنازعہ کھڑا ہو رہا ہے اس میں وزیر اعظم مودی کی 7 اور سابق وزیر تعلیم رمیش پوکھریال نشنک کی 3 تصاویر موجود ہیں۔ جبکہ یونیورسٹی کے بانی سر سید احمد خان کی صرف 3 تصاویر لگائی گئی ہیں۔ طلباء نے اعتراض کیا ہے کہ یونیورسٹی کے بانی سر سید احمد خان کی صرف 3 #تصاویر اور وزیر اعظم نریندر #مودی کی 7 تصاویر کیوں لگائی گئیں؟ یونیورسٹی کے طلباء کا الزام ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ اپنے ذاتی مفادات کی تکمیل کے لیے ایسا کام کر رہی ہے۔ طلبہ نے اس گزٹ کو تعلیمی کی بجائے اشتہاری قرار دیا ہے۔



