
نئی دہلی، 27 اگست :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)قومی دارالحکومت کے صفدرجنگ انکلیو سے بھارتیہ جنتا پارٹی کی #کونسلر رادھیکا ابرول نے جمعہ کو تجویز پیش کی کہ #ہمایوں پور گاؤں کا نام بدل کر ہنومان پورکیا جائے۔ انہوں نے یہ تجویز جنوبی #دہلی میونسپل کارپوریشن (ایس ڈی ایم سی) کے جنوبی زون کی زونل کمیٹی کی میٹنگ میں پیش کی۔قرارداد میں ابرول نے کہا کہ مغلیہ دور میں دہلی کے تمام گائوں کے نام زبردستی تبدیل کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ #صفدرجنگ انکلیو کے وارڈ نمبر 61 میں واقع ہمایوں پور گاؤں بھی اس میں شامل ہے جو ایس ڈی ایم سی کے دائرہ کار میں شہری گاؤں کے زمرے میں آتا ہے۔
تجویز میں کہا گیا ہے کہ ہمایوں پور گاؤں کے لوگوں کا ایک دیرینہ مطالبہ ہے کہ اس کا نام بدل کر ہنومان پور رکھا جائے۔ گاؤں کے لوگوں کی مانگ اور جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے گاؤں کا نام تبدیل کرنا عوامی مفاد میں ہوگا۔قرارداد میں یہ بھی کہا گیا کہ اسے مناسب کارروائی کے لیے شہری ادارے کی نامزد کمیٹی کو بھیجا جائے گا۔ ایک دن پہلے ایس ڈی ایم سی کے میئر مکیش سوریان نے #محمد پور #گاؤں کا #نام بدل کر مادھو پورم کرنے کی پیشگی منظوری دی تھی۔



