
ڈاکٹر نریش ترہن نے اسکول کھلنے پر کیا برہمی کا اظہار-کہا، اگر بچے بیمار ہونے لگیں تو انہیں سنبھالنا مشکل ہو گا
نئی دہلی ، ۲۹؍اگست:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ڈاکٹر نریش ترہن نے بچوں کے ویکسی نیشن سے قبل ریاستوں میں اسکول کھولنے پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سمجھ نہیں آتا کہ اسکول کھولنے میں اتنی جلدی کیوں ہے۔ اگر بچے بیمار ہونے لگیں تو ان کی دیکھ بھال کرنا مشکل ہو جائے گی۔ اسی لیے میں لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ ویکسین آنے تک صبر کریں۔ ایک بار جب تمام بچوں کی ویکسی نیشن ہوجائیں تو آپ اسکول کھولیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی آبادی کے حجم کے پیش نظر محتاط رہنا چاہیے۔اس سے قبل ڈاکٹر ترہن نے کورونا کی تیسری لہر کے بارے میں کہا تھا کہ اگر ہم ملک میں کورونا کی تیسری لہر کو کنٹرول کرنا چاہتے ہیں تو سب کو نظم و ضبط میں رہنا ہوگا، کورونا ہدایات پر عمل کرنا ہوگی ۔ ان کے مطابق کرونا کی تیسری لہر کو کم کیا جا سکتا ہے ، لیکن اس کا آنا یقینی ہے۔انہوں نے کورونا ویکسی نیشن کے بارے میں کہا تھا کہ ہماری تعداد اتنی زیادہ ہے کہ ابھی چار پانچ ماہ لگ سکتے ہیں۔
ہمیں دیکھنا ہے کہ آنے والی تیسری لہر کو کس قدر مختصر کر سکتے ہیں۔وزارت صحت کے مطابق اتوار کو گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 45083 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 460 افراد ہلاک ہوئے۔ وہیں 35840 مریض صحت یاب ہوکر اپنے گھر لوٹ چکے ہیں۔ ملک میں فعال مریضوں کی تعداد 368558 ہے۔ ہفتے کے روز پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 46759 نئے مثبت مریض پائے گئے جبکہ 509 افراد ہلاک ہوئے۔



