
نیویارک 30،اگست:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)سمندری طوفان آئیڈا امریکہ کی صنعتی ریاست لوئزیانا سے ٹکرا گیا ہے جس کے باعث شدید طوفانی بارشوں اور تیز ہواؤں نے تباہی مچا دی ہے۔ ریاست کے شہر نیو اورلینز میں بجلی کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے جب کہ طوفان کے باعث ایک شخص کی ہلاکت کی بھی اطلاعات ہیں۔خبر رساں ادارے کے مطابق سمندری طوفان آئیڈا امریکی ریاست لوئزیانا کے شہر نیو اورلینز کے مضافات میں ساحل سے اتوار کو ٹکرایا جس کے باعث شدید ہوائیں چلنے سے کئی عمارتوں کی چھتیں اڑ گئی اور دریائے مسی سپی کے بہاؤ میں بھی تیزی آگئی۔
طوفان کے نتیجے میں نیو اورلینز میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے اور ہزاروں لوگ شدید گرم موسم میں ایئرکنڈیشن اور ریفجریشن سے محروم ہو گئے ہیں۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سیلاب کے انتباہ کے چند گھنٹے بعد بجلی فراہم کرنے والی مقامی کمپنی نے بتایا تھا کہ ٹرانس میشن کو تباہ کن نقصان پہنچنے کے باعث نیو اورلینز شہر میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی ہے۔اے پی کے مطابق کیٹیگری چار کا یہ طوفان آئیڈا عین اسی روز ریاست سے ٹکرایا ،جب 16 برس قبل کیٹرینا نامی طوفان نے لوئزیانا اور مسی سپی میں تباہی مچائی تھی۔
سمندری طوفان آئیڈا کو امریکہ سے ٹکرانے والا پانچواں طاقتور طوفان قرار دیا جا رہا ہے۔ طوفان کے باعث 150 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں۔ تاہم بعد ازاں طوفان کی شدت میں کمی دیکھی گئی اور یہ کیٹیگری 2 تک پہنچ گیا۔طوفان اب نیو اورلینز کے 50 کلومیٹر مغرب سے شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے۔نیشنل ہریکین سینٹر (این ایچ سی) نے اتوار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ طوفان کی شدت بدستور برقرار ہے اور یہ جنوب مشرقی لوئزیانا کے حصوں میں تیزہواؤں اور سیلابی صورتِ حال کا سبب بن سکتا ہے۔
این ایچ سی کا کہنا تھا کہ جنوب مشرقی لوئزیانا کے ساحل اور لوئر مسی سپی وادی کے شمال مشرق میں بارش متوقع ہے۔ جنوب مشرقی لوئزیانا سے جنوبی مسی سپی تک 25 سے 45 سینٹی میٹرز تک بارش ہوسکتی ہے۔ ماہرین موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ طوفان کے دوران 115 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوائیں 33 ہزار نفوس پر مشتمل شہر ہوما کے لیے بھی بڑا خطرہ ہے۔لوئزیانا کے شہر بیٹن روش کے مضافاتی علاقے پریریویل میں گھر کی چھت پر درخت گرنے سے ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔
مقامی پولیس نے ایک فیس بک پوسٹ میں بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔آئیڈا طوفان جن علاقوں سے ٹکرایا ہے وہ صنعتی علاقہ ہونے کے ساتھ ساتھ وہاں کئی اہم بندرگاہیں بھی ہیں جنہیں بڑے پیمانے پر نقصان کا خدشہ ہے۔
ریاست لوئزیانا میں دو جوہری توانائی کے پلانٹ بھی ہیں جن میں سے ایک نیو اورلینز کے قریب جب کہ دوسرا بیٹن روش شہر سے 43 کلو میٹر دور شمال مغرب میں واقع ہے۔علاوہ ازیں مورگن شہر، دریائے پرل، جھیل پونچرٹرین، جھیل مورے پا اور میٹروپولیٹن نیو اورلینز کے لیے طوفان کی وارننگ برقرار ہے۔صدر جو بائیڈن نے آئیڈا کی آمد سے قبل ہی لوئزیانا اور مسی سپی کے لیے ہنگامی حالت کے نفاذ کی منظوری دے دی تھی۔انہوں نے اتوار کو نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ لوئزیانا کے لیے امریکی عوام دعاگو ہیں۔
Join Urdu Duniya WhatsApp Group



