بین الاقوامی خبریں

افغانستان سے امریکی سفارتی مشن معطل: امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن

نیویارک ،31اگست :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ افغانستان سے امریکی سفارتی مشن معطل کر کے قطر منتقل کر دیا ہے، تسلیم کیے جانے اور تعاون حاصل کرنے کے لیے طالبان کو اقدامات کرنا ہوں گے۔کابل سے امریکی انخلا کے بعد امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انخلا امریکہ کی تاریخ کا سب سے مشکل عمل تھا، 100 سے 200 امریکی تاحال افغانستان موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا نے کابل میں اپنا سفارتی مشن معطل کر دیا، لیکن اسے دوحہ منتقل کر دیا گیا ہے، ہم طالبان سے شہریوں کی محفوظ منتقلی کے وعدے کی پاسداری کروائیں گے۔انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ ایک لاکھ 23 ہزار سے زائد افراد کو افغانستان سے بحفاظت منتقل کیا گیا۔ افغانستان سے منتقل کیے گئے افراد میں 6 ہزار امریکی بھی شامل ہیں۔ایک سو سے دو سو کے قریب امریکی اب بھی افغانستان میں موجود ہیں۔ معلوم کر رہے ہیں کہ امریکی افغانستان سے نکلنا چاہتے ہیں یا نہیں۔

افغانستان سے نکلنے والے افغانوں کی معاونت کریں گے۔ ویزہ ہولڈرز کو افغانستان سے نکلنے کی اجازت دی جائے۔انہوں نے کہا ہے کہ خطے میں انسداد دہشت گردی کی صلاحیت برقرار رکھیں گے۔ کابل ایئر پورٹ کے گیٹ پر 13 امریکیوں سمیت کئی افغان ہلاک ہوئے۔ دھماکے میں ہلاک امریکیوں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کریں گے۔

افغانستان میں امن و امان کی صورت حال پر گہری نظر رکھیں گے،طالبان کے علاوہ دیگر اداروں کے ذریعے افغان عوام تک امداد پہنچائیں گے۔امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان کو اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا، ایک لاکھ 23ہزار سے زائد افراد کو افغانستان سے حفاظت منتقل کیا، افغانستان میں سو سے دو سو کے قریب امریکی رہ گئے ہیں صحیح تعداد کا تعین کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ افغانستان سے 20 سال بعد امریکا کا قبضہ ختم ہوگیاہے، امریکہ نے افغانستان سے فوجی انخلامکمل ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button