قومی خبریں

شدید سردیوں کا شاخسانہ، کولگام میں بکروال کنبے کے دو بچے لقمہ اجل

سری نگر:(ایجنسیاں) جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے دیوسر علاقے میں شدید سردیوں کے باعث ضلع ریاسی سے تعلق رکھنے والے بکرال کنبے کے دو بچے لقمہ اجل بن گئے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ صوبہ جموں کے ضلع ریاسی سے تعلق رکھنے والا ایک کنبہ جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے دیو سر کے برنال لامر علاقے میں ایک خیمے میں رہائش پذیر تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ہفتے کی شام ان کا ایک کم سن لڑکا شدید سردیوں کے باعث خیمے میں ہی دم توڑ گیا۔ متوفی لڑکے کی شناخت ساحل زبیر ولد زبیر احمد ساکن ریاسی کی بطور ہوئی۔مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب ان کی چھ سالہ بیٹی بھی شدید سردی کی وجہ سے سخت بیمار ہوگئی جس کو فوری طور نزدیکی ہیلتھ سینٹر تو منتقل کیا گیا لیکن وہ بھی راستے ہی میں دم توڑ گئی۔متوفی بچی کی شناخت شازیہ جان کے بطور ہوئی ہے ۔

دریں اثنا تحصلیدار دیو سر عبدالرشید نے بتایا کہ متاثرہ کنبے کو سردی سے بچنے کے لئے ایک سکول میں پناہ لینے کو کہا گیا تھا لیکن انہوں نے توجہ نہیں دی۔انہوں نے بتایا کہ متاثرہ کنبے کو ہفتے کے روز راشن اور کمبل بھی فراہم کئے گئے جب انہوں نے اسکول میں منتقل ہونے سے انکار کیا۔بتادیں کہ وادی میں ریکارڈ ساز سردیوں کا سلسلہ جاری ہے جس نے گرم کمروں میں رہنے والے لوگوں کو بھی پریشان کر کے رکھ دیا ہے ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button