قومی خبریں

وزیر اعظم مودی رواں ماہ امریکہ کا دورہ کر سکتے ہیں

بائیڈن سے ملاقات کریں گے ، چین اور افغانستان ایجنڈے میں شامل ہیں

نئی دہلی 4ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)افغانستان میں اقتدارکی تبدیلی کے بعدتوقع ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی رواں ماہ یعنی ستمبر کے آخری ہفتے میں امریکہ کا دورہ کریں گے۔ اعلیٰ حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم ستمبر کے آخری ہفتے میں واشنگٹن ڈی سی اور نیویارک کا دورہ کر سکتے ہیں۔ جو بائیڈن کے صدر بننے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی کا یہ پہلا دورہ امریکہ ہوگا۔ انڈین ایکسپریس نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ اس وقت وزیر اعظم نریندر مودی کے پروگرام کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اوراگراب تک کی بات چیت کے مطابق سب کچھ ٹھیک رہا تو وزیر اعظم مودی 22 سے 27 ستمبر تک امریکہ کے دورے پرہوں گے۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی اور امریکی صدر جو بائیڈن کے درمیان یہ پہلی آمنے سامنے ملاقات ہوگی۔ اس سے قبل یہ دونوں رہنما کم از کم تین بار ورچوئل سمٹ میں مل چکے ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے مارچ میں کوویڈ سمٹ ، اپریل میں ماحولیاتی تبدیلی سمٹ اور اس سال جون میں جی 7 سمٹ کے دوران ملاقات کی ہے۔

وزیر اعظم نے جون میں جی 7 سربراہی اجلاس کے دوران برطانیہ کا دورہ کرناتھالیکن کورونا کی دوسری لہر کی وجہ سے انہیں اپنا دورہ منسوخ کرناپڑا جس کے نتیجے میں بائیڈن اور مودی ملاقات نہیں کر سکے۔پی ایم مودی کا یہ دورہ افغانستان میں تیزی سے بدلتی صورتحال کے پیش نظر اہم ہوگا۔ جو بائیڈن سے ملاقات کے علاوہ ، پی ایم مودی امریکی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام کے ساتھ اہم ملاقاتیں بھی کر سکتے ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ افغانستان کے بحران اور چین کا مسئلہ وزیر اعظم نریندر مودی کے اپنے دورہ امریکہ کے ایجنڈے میںہوگا۔ اس دورے میں دونوں فریقوں سے چین کے بارے میں بات چیت بھی متوقع ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button