نئی دہلی: (ایجنسیاں) انڈو اسلامک کلچرل فاؤنڈیشن ٹرسٹ نے 26 جنوری کو ایودھیا میں بابری مسجد کی متبادل مسجد کے تعمیری کاموں کا سنگ بنیاد رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ ٹرسٹ کے نمائندہ اطہر حسین نے کہا کہ 26 جنوری کو صبح 8:30 بجے مسجد پروجیکٹ سائٹ پر قومی پرچم لہرایا جائے گا اور پھر پودے لگائے جائیں گے۔یہ فیصلہ ٹرسٹ کے اجلاس میں ہوا۔ انھوں نے بتایا کہ ٹرسٹ کی ورچوئل میٹنگ میں مجموعی طور پر 9 ٹرسٹی شریک ہوئے ، جس کی صدارت فاونڈیشن کے صدر ظفر احمد فاروقی نے کی۔ اترپردیش سنی مرکزی وقف بورڈ نے دھنی پور میں مسجد کی تعمیر کے لئے آئی آئی سی ایف کے نام سے ایک ٹرسٹ قائم کیا ہے۔ ٹرسٹ کا کہنا ہے کہ مجوزہ مسجد کی شکل دوسری مساجد کی شکل سے بالکل مختلف ہوسکتی ہے۔